پنجاب حکومت جسٹس نجفی رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم پر عمل کری,صاحبزادہ حامد رضا

اسحاق ڈار دو ماہ سے دفتر نہیں آیا اس سے استعفیٰ لیا جائے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:39

پنجاب حکومت جسٹس نجفی رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم پر عمل کری,صاحبزادہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جسٹس نجفی رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم پر عمل کرے۔الیکشن ختم ہوتے ہی این اے 120 میں ترقیاتی کام رُک گئے ہیں۔ اسحاق ڈار دو ماہ سے دفتر نہیں آیا اس سے استعفیٰ لیا جائے۔ ن لیگ لندن اور ن لیگ پاکستان میں سے پی ایس پی نکلے گی نواز شریف نے امریکہ میں لابنگ کیلئے خفیہ فنڈ سے مہنگی امریکی فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

شریف خاندان خود کو بڑا اور قانون کو چھوٹا سمجھنے کی بیماری کا شکار ہے حدیبیہ پیپرز کیس کھلے گا تو لوگ پاناما کو بھول جائیں گے۔ ان خیالات کا اطہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں آئندہ الیکشن میں سنی اتحاد کونسل کے متوقع امیدوارون کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں میاں فہیم اختر، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، سرفراز احمد تارر، حاجی رانا شرافت علی قادری، بیرسٹر حسین رضا، رائو حسیب احمد اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے انتخابی منشور کی تیاری کیلئے کمیٹی بھی قائم کی گئی ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں تازہ اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے۔ ن لیگ تنکوں کی طرح بکھرنے والی ہے۔ آزاد بلوچستان مہم کے پیچھے را کا ہاتھ ہے۔ سوئٹزرلینڈ کی سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی سطح پر بھارتی لابی کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے توڑ کیلئے ہماری حکومت نے کچھ نہیں کیا۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کی مسلسل فوج پر تنقید کے باوجود فوجی قیادت صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے تخت لاہور کی چولیں لا دی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ جسٹس نجفی رپورٹ منظر عام پر لانے کا عدالتی حکم خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :