محرم الحرام میں حساس مجالس اور جلوسوں کو 4لئیر سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ایک لاکھ سے زائد افسران و اہلکارسیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے،

تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوزاپنے اضلاع اور ڈویژن کے بڑے اور حساس جلوسوں اور مجالس کا سیکیورٹی پلان خودتشکیل دیں‘ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عارف نواز خان

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:22

محرم الحرام میں حساس مجالس اور جلوسوں کو 4لئیر سیکیورٹی فراہم کرنے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کیپٹن( ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور حساس مجالس اور جلوسوں کو 4لئیر سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پنجاب پولیس کے ایک لاکھ 25ہزارسے زائد افسران و اہلکارسیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوزاپنے اضلاع اور ڈویژن کے بڑے اور حساس جلوسوں اور مجالس کا سیکیورٹی پلان خودتشکیل دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کوڈیوٹی سے قبل موجودہ حالات کے تناظر میں ڈیوٹی کی نوعیت اور حساسیت کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے تا کہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن اور بھرپور جذبے سے سر انجام دے سکیں،تمام افسران جلوسوں اور مجالس کے اوقات کار کی پابندی پر عملد رآمد ہر قیمت پر یقینی بنائیںاور تمام اضلاع کے حساس جلوسوں اور مجالس کے مقامات کے گرد روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیولنک کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن اعجاز حسین شاہ ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنزمحسن حسن بٹ ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 1سلمان احمد چوہدری ، آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید ، ڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹII- خرم علی شاہ ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی جبکہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اضلاع میں سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ محرم الحرام میں پنجاب کے تمام اضلاع میںمنعقد ہونے والی 36216مجالس کی سیکورٹی کیلئے 124537اہلکار و افسران تعینات کیے جائیں گے جن میں37398 پولیس قومی رضاکار، 5580سپیشل پولیس اور 85515والنٹئیرز بھی شامل ہونگے۔ اسی طرح عشرہ محرم کے 9173 جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے 135370اہلکار و افسران پر مشتمل نفری فرائض سر انجام دے گی جن میں 26534پولیس قومی رضاکار، 5590سپیشل پولیس اور67692والنٹئیرزبھی پولیس کی معاونت کریںگے۔

آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے آغاز سے قبل روٹ کی سکریننگ اور سکیننگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے اور حساس جلوسوں اور مجالس کے ارد گرد ریڑھی ،ٹھیلے اور خوانچہ فروشوں کو بطور خاص چیک کیا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کو ہدایت دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوران محرم پی ایچ پی چیک پوسٹوں کے اہلکار بھی اپنے اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کے گرد پٹرولنگ کریں اور اس ضمن میں ڈی پی اوز کی مشاورت سے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے ۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور ، تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کا بطور خاص خیال رکھا جائے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اس وقت تک ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑیں جب تک آخری عزادار مجلس اور جلوس کے مقام سے چلا نہ جائے جبکہ حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹ پر آنے والی عمارتوں پر سنائیپرز بھی تعینات کئے جائیں ۔

انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو کھانے اور پینے کی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کھانا انہیں ڈیوٹی پوائنٹ پر مہیا کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہ محرم الحرام کے دوران لائوڈ سپیکر ایکٹ پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی میں قطعی رعائت نہ برتی جائے جبکہ صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش، سیاہ شیشوںاور نیلی لائٹوں والی گاڑیوںکے علاوہ پرائیویٹ گاڑیوں کو سبز نمبر پلیٹ لگانے والوں افراد کے خلاف فوری کریک ڈائون کیا جائے اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف مقام و مرتبے کا لحاظ کیے بغیر کارروائی کی جائے۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے لئے تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کو سپیشل شناختی کارڈز جاری کیے جائیں اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہر سیکیورٹی پوائنٹ کا انچارج اپنے زیر انتظام ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کوچہروں سے بھی شناخت کرتا ہو۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران علاقائی امن کمیٹیوںکے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور حساس جلوسوں اور مجالس میں پولیس افسران خود ڈیوٹی دینے کے علاوہ مذہبی ہم آہنگی کے لئے امن کمیٹی کے ممبران کی خدمات سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کریں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام حساس جلوسوں اور مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ہرصورت یقینی بنایاجائے اور اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ محرم کے مرکزی جلوسوں کے روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے ہر صورت لگائے جائیں ۔ دریں اثنا چائینز قونصل جنرل مسٹر لانگ ڈن بن کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان سے ملاقات کی۔

دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے مختلف امور سمیت پاکستان میں مختلف پراجیکٹس پر فرائض سر انجام دینے والے چینی باشندوں اور ماہرین کی سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ آئی جی پنجاب نے چائینز قونصل جنرل کو بتایا کہ غیر ملکیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ د ن رات مصروف عمل ہے اور بالخصوص چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :