سابق آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کی سانحہ ماڈل ٹائون کے استغاثہ میں طلبی کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے فیصلے میں 27 نومبر تک مزید توسیع

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:13

سابق آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کی سانحہ ماڈل ٹائون کے استغاثہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے سابق آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کی سانحہ ماڈل ٹائون کے استغاثہ میں طلبی کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے فیصلے میں 27 نومبر تک مزید توسیع کر دی ہے۔سابق آئی جی پولیس پنجاب نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے طلبی کے احکامات کو چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق آئی جی پولیس پنجاب کے وکیل نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون میں پاکستان عوامی تحریک کے استغاثہ پر آئی جی پولیس پنجاب کے طلبی کے نوٹس جاری کیے ہیں۔درخواستگزار کے وکیل نے اعتراض کیا کہ عدالت نے حقائق کے برعکس سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی طلبی کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے وقت مشتاق سکھیرا آئی جی پولیس پنجاب نہیں تھے۔ وکیل نے استدعا کی کہ سابق آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا کے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ میں طلبی کے نوٹسز کالعدم قرار دیئے جائیں۔ عدالت نے سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کی طلبی کے نوٹس معطل کرنے کے حکم میں 27نومبر تک توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :