محرم الحرام کا چاند نظر آگیا،نئے اسلامی سال 1439ہجری کا (کل )سے آغاز ، یوم عاشورہ یکم اکتوبر کو ہوگا

جمعرات 21 ستمبر 2017 21:52

محرم الحرام کا چاند نظر آگیا،نئے اسلامی سال 1439ہجری کا (کل )سے آغاز ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 ستمبر2017ء) ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا،نئے اسلامی سال 1439ہجری کا (کل ) جمعہ سے آغاز ہوگیا جبکہ عاشورہ یکم اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔جمعرات کو محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت بعد نمازعصرکراچی میں محکمہ موسمیات کے دفترمیں منعقد ہوا جس میں دیگر علماء کرام ،محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

مختلف شہروں میں زونل کمیٹیوں کے بھی اجلاس منعقد ہوئے ۔محرم الحرام کے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ محرم الحرام 1439 کا چاندنظر آگیا ہے اس لیے نئے اسلامی سال 1439ہجری کا (آج ) جمعہ سے آغاز ہوگا جبکہ عاشورہ یکم اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔

(جاری ہے)

مفتی منیب الرحمان نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا بھی کرائی اور نئے سال کے آغاز پر تمام مسالک سے امن وامان برقرار رکھنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی ۔

دوسری جانب ملک بھر میں محرم الحرام کے شرو ع ہوتے ہی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور تمام امام بارگاہوں اور حسا س مقاما ت پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت مختلف خلیجی ممالک، مشرق وسطی، مشرق بعید اور یورپی ریاستوں میں نئے اسلامی سال کا آغاز ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :