ایشیاء کا مستقبل ایشیائی عوام کے ہاتھوں میں ہے ، رضاربانی

مغربی استعماری قوتوں نے اپنے مقاصد اور عزائم کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے ایشیاء کی افرادی قوت اور وسائل کو استعمال کیا ، عالمی سیاست میں موثر کردارتب ہی ممکن ہے جب ایشیائی عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے اہل ہوجائیں گے،چیئرمین سینیٹ کاتقریب سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2017 20:30

ایشیاء کا مستقبل ایشیائی عوام کے ہاتھوں میں ہے ، رضاربانی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ ایشیاء کا مستقبل ایشیائی عوام کے ہاتھوں میں ہے اور انہیں ایشیاء کی ترقی کیلئے خود کاوشیں کرنی ہونگی کیوں کہ مغربی استعماری قوتوں نے اپنے مقاصد اور عزائم کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے ایشیاء کی افرادی قوت اور وسائل کو استعمال کیا اور ایشیائی عوام کا استحصال کیا۔

میاں رضاربانی نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں چین کی عوامی سیاسی و مشاورتی کا نفرنس کی جانب سے سینٹ آف پاکستان کو تحفے میں دیئے گئے آئی ٹی آلات جن میں کمپیوٹرز، پرنٹرز، سکینرز وغیرہ کی سینٹ سیکرٹریت کو باضابطہ طور پر فراہمی کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ پاکستان اور چائنا کی دوستی کی اپنی ایک تاریخ ہے جوکہ محبت ، باہمی اعتماد اور احترام کے جذبے پر مبنی ہے اور دونوں ملکوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور تعاون مثالی رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اس مثالی دوستی کی بدولت ایشیائی خطے کے عوام مزید ایک دوسرے کے قریب آئینگے اور حقیقی معنوں میں یہ صدی ایشیاء کی صدی ہے۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ عالمی سیاست میں موثر کردارتب ہی ممکن ہے جب ایشیائی عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے اہل ہوجائیں گے اس طرح وہ اس استعماری ایجنڈے کا مقابلہ کرسکیں گے جسکا مقصد ارتقائی مراحل سے گزرنے والے ممالک کو غیر مستحکم کرنا، حکومتوں کو گرانا اور استعماری عزائم کو فروغ دینا ہے۔

چیئرمین سینٹ نے چین کی سیاسی قیادت اور سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان آلات کی بدولت سینٹ کی ان کا وشوں کو مزید تقویت ملے گی جو کہ ای ۔ پارلیمنٹ کے لیے کی جارہی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی چین کی سیاسی قیادت کے اس تحفے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی صورت میں منصوبوں کا آغاز کیا گیاہے۔ اس سے بہت سی قوتوں کو تکلیف ہوئی ہے اور ان قوتوں کی کوشش ہے کہ منصوبے کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کی جائیں۔ تاہم انہوں نے یہ بات واضح کی کہ پاکستان سیاسی و عسکری قیادت یکسوئی کے ساتھ سی پیک کی کامیابی کے لیے کوشاں اور پرعزم ہیں۔ سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جب ایک دوست ملک کی جانب سے خیر سگالی کا ایسا جذبہ دیکھنے کو ملاہے جس سے پارلیمان کی ای پارلیمنٹ اورآئی ٹی کے شعبے کو اپ گریڈ کرنے کی کاوشوں کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی تعاون کی زندہ مثال ہے اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مختلف سطح پر تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر چین کے سفیرسن وی ڈانگ نے بھی خطاب کیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

متعلقہ عنوان :