محرم الحرام میں امن و امان کیلئے ہر سطح پر علماء کو کردار ادا کرنا ہے‘طاہر محمود اشرفی

جمعرات 21 ستمبر 2017 20:56

محرم الحرام میں امن و امان کیلئے ہر سطح پر علماء کو کردار ادا کرنا ہے‘طاہر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) اسلام امن ، سلامتی اور رواداری کا دین ہے ،دہشت گردوں نے اسلام کے تصور جہاد کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے خلاف استعمال کیا، محرم الحرام میں امن و امان کیلئے ہر سطح پر علماء کو کردار ادا کرنا ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی مصالحتی کونسل پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر علامہ طاہر الحسن ، صاحبزادہ عثمان جامی ، مولانا اظہار الحق ، صاحبزادہ حمزہ طاہر، مفتی عمر فاروق ، مولانا حبیب الرحمن ، مفتی محمد ضیاء مدنی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، چوہدری شبیر یوسف گجر، مولانا زبیر زاہداور دیگر علماء موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے تمام مکاتب فکر کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہے ، پاکستان ، اسلام اور امن دشمن قوتیں پاکستان کے امن سے کھیلنا چاہتی ہیں ، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری وقت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسیحیت کے رہبر پوپ فرانسز اور رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کے درمیان امن ، سلامتی اور استحکا م کیلئے ہونے والی بات چیت بین الاقوامی امن کیلئے وقت اور حالات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی مصالحتی کونسل کے تحت تمام مسالک کی قیادت سے پاکستان علماء کونسل کی طرف سے پیش کیے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے تمام ذرائع استعمال کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم شہروں میں یکم محرم الحرام سے 10 محرم تک ’’عشرہ فاروق ؓ و حسین ؓ‘‘ کے موقع پر سیمینارز اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی ، اس سلسلہ میں 23 ستمبر کو لاہور ، 26 ستمبر کو فیصل آباد ، 27 ستمبر کو اسلام آباد اور 29 ستمبر کو گوجرانوالہ ، میں اجتماعات منعقد ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :