صوبہ کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،گورنر سندھ

تعلیم ، صحت اور کاروبار کے شعبوں میں ھندو کمیونٹی نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں، وفد سے ملاقات

جمعرات 21 ستمبر 2017 19:53

صوبہ کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس نے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات انجام دیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گورنر ہائوس میں ھندو برادری کے ایک 35 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے صدر شام سندر ایڈوانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو آگے بڑھنے اور اپنی پسند کے شعبوں میں خدمات انجام دینے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری تعلیم، صحت ، کاروبار اور دیگر شعبوں میں مکمل آزادی کے ساتھ کام کررہی ہے اور ملک کا نام روشن کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں خصوصاً ھندو برادری کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ، اس کمیونٹی سے نامور طبی ماہرین، تعلیمی ماہرین اور بڑے تاجروں نے صوبہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے اپنا علیحدہ وطن حاصل کیا تاکہ وہ اسلام کی اصل روح کے مطابق اپنی زندگیاں گزارسکیں۔ اسلام ہمیں اخوت، رواداری اور بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی بدولت صوبہ میں ھندو ، عیسائی ، سکھ اور دیگر اقلیتیں اپنے مذہبی عقائد کی ادائیگی میں مکمل طور پر آزاد ہیں ۔

ان کی عبادت گاہوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے جبکہ صوبہ بھر میں کئی سو سال پرانے مندر موجود ہیں جہاں ھندو برادری اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی بلا خوف و خطر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ھندو کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ مزید سکون کے ساتھ صوبہ سندھ اور ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

متعلقہ عنوان :