اہل پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی ا مداد کیلئے بھر پور تعاون کریں، مولانافضل الرحمن

تاجر برادری ،صاحب ثروت حضرات تاریخ انسانیت کے ان اندوہناک مظالم کے متاثرین اور پناہ گزین کی بحالی کیلئے آگے آئیں، سربراہ جے یوآئی

جمعرات 21 ستمبر 2017 19:53

اہل پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی ا مداد کیلئے بھر پور تعاون کریں، مولانافضل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام کے امیر مرکزیہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اہل پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی ا مداد کیلئے بھر پور تعاون کریں۔تاجر برادری اورصاحب ثروت حضرات تاریخ انسانیت کے ان اندوہناک مظالم کے متاثرین اور پناہ گزین کی بحالی کیلئے آگے آئیں۔الخیر ٹرسٹ العالمی کے رضاکار اور کارکن ایک منظم طریقے سے ملک بھر میں امداد جمع کررہے ہیں۔

وہ الخیر ٹرسٹ العالمی کے چیئرمین حاجی محمد ادریس سے فون پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے ملک بھر کے ائمہ مساجد،خطبا اور جماعتی کارکنوں صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی نظماء کو ھدایات جاری کرتے ہوئے پانچوں نمازوں اور نماز جمعہ کے اجتماعات میں عوام کو روہنگیا اراکان اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے تاریخ کے بدترین مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کی اپیل کریں اور ہر سطح پر کیمپ لگاکر اپنے لاکھوں مظلوم اور نہتے مسلمانوں کی بحالی کیلئے ہر قسم کے تعاون اور امداد جمع کرنے کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ آج روہنگیا کے نہتے لاکھوں مظلوم مسلمان بھائی بنگلہ دیش کی سرحدات پر امداد کے منتظر بے سہارا کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا اور برمی مسلمانوں کی جو نسل کشی ہورہی ہے یا جس سفاکانہ اور بے رحمانہ انداز میں قتل عام ہورہا ہے تاریخ انسانیت میں اسکی کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان روہنگیا اور برمی مسلمانوں کے غم میں سوگوار اور دکھی ہیں۔

ایسے حالات میں اگر انکی جانی مدد ممکن نہیں تو بھر پور مالی تعاون اور امداد ہر مسلمان پر فرض ہے چاہے وہ دنیا کے کسی کونے میں کیوں نہ ہو۔اس لئے پاکستان کے غیور مسلمان تاجر برادری،صاحب ثروت حضرات تاریخ انسانیت کے ان اندوہناک مظالم سے متاثرہ اپنے لاکھوں مظلوم اور نہتے مسلمانوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی تنظیموں کو پابند کیا ہے کہ وہ ہر سطح پر کیمپ لگاکر امداد جمع کرکے الخیر ٹرسٹ العالمی کے حوالے کریں تاکہ فوری طور پر متاثرین کی بحالی کا کام شروع کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ 22 ستمبر کو کراچی سمیت ملک بھر میں مساجد کی سطح پرروہنگیا اور برمی مسلمانوں کی مدد کیلئے فنڈ جمع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران میدان عمل میں آئیں اور روہنگیا مسلمانوں کا اجتماعی قتل عام بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔آج مٹھی بھر بدھ مت کے دہشت گرد برمی حکومت کی سرپرستی میں جو روہنگیا مسلمانوں کا جو قتل عام کررہے ہیں مسلم ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

متعلقہ عنوان :