پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کے لئے چاروں صوبوں کا کوٹہ مقرر ہے، ایف پی ایس سی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے پارلیمانی سفارشات سے استفادہ کیا جائے گا

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا ایوان بالا میں ایف پی ایس سی کی رپورٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے اظہار خیال

جمعرات 21 ستمبر 2017 19:46

پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کے لئے چاروں صوبوں کا کوٹہ مقرر ہے، ایف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کے لئے چاروں صوبوں کا کوٹہ مقرر ہے، ایف پی ایس سی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے پارلیمانی سفارشات سے استفادہ کیا جائے گا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں چاروں صوبوں کا کوٹہ مقرر ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن کے ارکان کی مہارت، تجربے اور بہترین کارکردگی کو مدنظر رکھ کر ان کی تقرری کی جاتی ہے۔ 2014ء میں 13170 امیدواروں نے امتحان دیا جن میں سے 377 امیدوار کامیاب ہوئے جن میں 144 مرد اور 89 خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بھی ملکی ترقی کی دوڑ میں بڑھ چڑھ کر کام کر رہی ہیں۔ پارلیمنٹ ہی وہ ادارہ ہے جس نے ہر چیز مدنظر رکھنی ہے۔ پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ سے حکومت بھرپور استفادہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں امیدواروں کی دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے اور فنی تعلیم کی طرف توجہ بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی ایس سی کے حوالے سے سفارشات پر حکومت مکمل طور پر غور کرے گی۔