Live Updates

بجلی ‘گیس کے صارفین سے 196ارب کی وصولی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو شدید احتجاج کیا جائیگا‘ پی ٹی آئی

اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے نقصان کے نام پر عوام سے وصولی کے فیصلے پر از خود نوٹس لیا جائے‘ جمشید اقبال چیمہ

جمعرات 21 ستمبر 2017 19:20

بجلی ‘گیس کے صارفین سے 196ارب کی وصولی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو شدید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے ناقص نظام سے ہونے والے نقصان کی مد میں بجلی اور گیس کے صارفین سے 196ارب روپے کی وصولی کے فیصلے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جائیگا،عوام کا مزید خون چوسنے کی بجائے نقصان کا باعث بننے والوں سے اس کی وصولی کی جائے ۔

تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزارتوں اور محکموں کے ناقص نظام سے ہونے والے اربوں روپے کے نقصان کی پسے ہوئے طبقات سے وصولی کہاں کا انصاف ہے ۔اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ اس پرنہ صرف از خود نوٹس لیا جائے بلکہ اس کے اصل حقائق بھی قوم کے سامنے لائے جائیں۔

(جاری ہے)

اگر حکومت نے اس فیصلے کو واپس لینے کی بجائے عملدرآمد کی طرف سے قدم بڑھایا تو اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا ۔

انہوںنے مزید کہا کہ عوام سے کروڑوں، اربوں بٹورنے والوں کا ابھی تک پیٹ نہیں بھرااور انہوںنے پسے ہوئے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے ایک نیا راستہ کھول لیا ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوںکے دن گنے جا چکے ہیں اورانہیں عوام پر کئے جانے والے مظالم کا حساب دینا ہوگا۔پی ٹی آئی حکومت میں آکر ٹیکسوں کی مد میں اکٹھے ہونے والے اربوں روپے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کرے گی اور اس حوالے سے پی ٹی آئی جامع منشور رکھتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات