چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ مکمل دنیا میں بچوں کے علاج کا سب سے بڑا مرکز بن گیا‘خواجہ سلمان رفیق

ہسپتال میں1100بستروں کی سہولت،3400 افراد پر مشتمل عملہ،ساڑھے 700 ڈاکٹر، 1000نرسیں مصروف کار ہیں‘صوبائی وزیر

جمعرات 21 ستمبر 2017 18:31

چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ مکمل دنیا میں بچوں کے علاج کا سب سے بڑا مرکز بن ..
ْ لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) صوبائی دارالحکومت میں قائم چلڈرن ہسپتال نے بچوں کے علاج کے دنیا کے سب سے بڑے مرکز کا درجہ حاصل کرلیا ہے، 1100بستروںکے چلڈرن ہسپتال میں3400 افراد پر مشتمل عملہ،ساڑھے 700 ڈاکٹر، 1000نرسیں اور ماہرین بچوں کے امراض کے علاج میں مصروف کار ہیں، 16آپریشن تھیٹرز کے ساتھ پوری دنیا میں اتنا بڑا چلڈرن ہسپتال نہیں۔

چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ کی کامیابی کے ساتھ تکمیل پر اظہار تشکر اور سٹاف میں ستائشی اسناد تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب ہوئی جس کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری نجم احمد شاہ تھے۔ اس موقع پر ہسپتال کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، فکلیٹی ڈین ڈاکٹرمسعود صادق اور دیگر افرادنے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میںکہا کہ چلڈرن ہسپتال سرکاری شعبے میں بچوں کے علاج کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک ماڈل کا درجہ اختیار کرچکا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ہسپتال کی توسیع اور ترقی کے لئے جو خواب دیکھا تھا وہ آج عملی شکل اختیار کرچکا ہے۔بون میرو کی کامیاب ٹرانسپلاٹیشن کے بعد اس ہسپتال نے ایک اور منفرد اعزاز حاصل کرلیا ۔

انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں سو فیصد ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ ہسپتال کا تمام میڈیکل اور نان میڈیکل سٹاف خدمت کے جذبے سے سرشار نظر آتا ہے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کا ماڈل پورے صوبے میں اپنایا جائے گا۔ یہ پراجیکٹ آغاز سے تکمیل تک کامیابیوں اور محنت کی علامت بن چکا ہے۔ اس موقع پر ہسپتال کے ملازمین میں ستائشی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :