حکومت پنجاب کے ضابطہ اخلاق برائے محرم الحرام پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 21 ستمبر 2017 18:24

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) ڈ پٹی کمشنرسلمان غنی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق برائے محرم الحرام 2017ء پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ جمعرات کو سرکٹ ہائوس فیصل آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ، تحصیل اور تھانہ کی سطح پر قائم کی گئیں امن کمیٹیاں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی اپنے فرائض بہتر طور پر سر انجام د یں گی جبکہ اتحاد بین المسلمین کے وفد جس میں تمام مسالک کے علمائے کرام شامل تھے نے 15یوم قبل ان سے خصوصی ملاقات کے دوران کہا کہ تمام مسالک اور فرقہ کے علمائے کرام نے ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام پہلوئوں پر مکمل طور پر پابند رہنے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

مساجد میں ا ذان اور عربی خطبہ جمعتہ المبارک کے علاوہ لائوڈ سپیکر پر مکمل پابندی ہو گی۔ اس کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے اجتماعات کے لئے مقامی انتظامیہ سے اجازت لینا لازمی ہوگی۔عوامی سطح پر ایسے اجتماعات کئے جائیں گے جن سے تمام مکاتب فکر کے قائدین بیک وقت خطاب کر کے قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کا ثبوت دیں گے۔ تمام مسالک کے اکابرین کا احترام کیا جائے گا اور تمام مکاتب فکر کے مقامات مقدسات اور عبادت گاہوں کے احترام اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

جلسے جلوسوں ، مساجد ، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔ شر انگیز اور دل آزار کتابوں، پمفلٹوں ، تحریروں کی اشاعت اور تقسیم و ترسیل ، نفرت انگیز مواد پر مبنی کیسٹس ، کتب اور ویب سائٹس پر مکمل پابندی ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ کوئی متنازعہ وال چاکنگ نہ کی جائے ۔ اسی طرح کیبل آپریٹروں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ ایسے پروگرام نشر نہ کریں جس سے کسی فرقہ کی دل آزاری ہو۔

انہوںنے کہا کہ فیسکو نہ صرف شہری بلکہ دیہاتی علاقوں میں بھی بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا ئے گا۔ انہوںنے کہا کہ سول ڈیفنس کے ادارہ کے پاس واک تھرو گیٹس کے علاوہ بم ڈسپوزل جیمر ز موجود ہیں جو 200میٹر تک دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ شہر بھر کے آٹھوں بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔