معاشی ترقی میں بین الاقوامی تعلقات اہم کردار ادا کرتے ہیں،گورنر سندھ

سی پیک کے ذریعہ خطہ کی اقتصادی حالت میں نمایاں تبدیلی ہوگی ،محمد زبیرکی وفد سے بات چیت

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:41

معاشی ترقی میں بین الاقوامی تعلقات اہم کردار ادا کرتے ہیں،گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے، معاشی ترقی وخوشحالی بھی بین الاقوامی تعلقات پر منحصر ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے ایک 5 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا، جس نے ایڈمرل (ر) خالد میر کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ خصوصاً ہمسایہ ممالک کے قریبی تعلقات ان ممالک کی تعمیر و ترقی اور تیز رفتار معاشی خوشحالی کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تجارتی تعلقات قائم کرکے مشترکہ ترقی کی منزل کو باآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات نہایت مثالی ہیں اور ان تعلقات کا حکومتوں کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان حقیقی معنوں میں برادرانہ تعلقات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ان بے مثال تعلقات کا ایک اور ثبوت ہے کیونکہ اس کے ذریعہ نہ صرف چین کی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ پاکستان کی اقتصادی حالت یکسر تبدیل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 62 ارب ڈالر کے سی پیک میں سے 34 ارب ڈالر صرف توانائی کے منصوبوں کے لئے مختص ہیں کیونکہ پاکستان کی سب سے بڑی ضروری توانائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال اپریل تک نیشنل گرڈ میں 10400 میگا واٹ بجلی کی شمولیت سے تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کونسل آن فارن ریلیشنزمختلف ممالک کے سفارت کاروں کو پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام دے کر اچھا کام کررہی ہے جس کو ہر سطح پر سراہے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے ساتھ ساتھ یہ ہر پاکستانی کی ذمے داری ہے کہ وہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرے۔ پاکستانی قوم نہایت پر امن ہے او ر ہم نے دنیا کے امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کونسل کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :