لاہور چیمبر نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

برآمدات کے تابوت میں ایک اور کیل ہے‘ عبدالباسط، امجد جاوا، ناصر حمید خان

جمعرات 21 ستمبر 2017 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوااور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے نیپرا اور اوگرا کی جانب سے بجلی و گیس کی قیمتو ںمیں بھاری اضافے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس قدم کو گرتی برآمدات کے تابوت میں ایک اور کیل قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ نیپرا نے پاور ڈسٹری بیوٹرکمپنیوں کو 162ارب روپے سے زائد کے بھاری سسٹم لائن لاسز صارفین سے وصول کرنے کی اجازت دے کر بڑی ناانصافی کی ہے کیونکہ اس سے واجبات ادا نہ اور بجلی چوری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، دوسری طرف اوگرا نے بھی صنعتی شعبے کی مشکلات کا خیال رکھے بغیر گیس بم گرادیا ہے ، لاہور چیمبر ان اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واجبات ادا نہ کرنے والوں کو معافی دیکر ان کا بوجھ ایماندار صارفین پر لادنے جیسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس بجلی صنعتوں کے لیے اہم خام مال کا درجہ رکھتی ہیں، ان کی قیمتوں میں اضافہ صنعتوں کی پیداواری لاگت مزید کئی گنا بڑھادے گا اور پاکستانی مصنوعات ملکی مصنوعات مقابلے کی دوڑ سے بالکل ہی باہر ہوجائیں گی۔

ملک پہلے ہی زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے عالمی مارکیٹ کا بہت چین، بنگلہ دیش اور انڈیا کے ہاتھوں کھوچکا ہے جبکہ رہی سہی کسر اب پوری ہوجائے گی۔ کاروباری برادری یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ لائن لاسز پر قابو پانے اور سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کے بجائے اُن کے مسائل میں مزید اضافہ کیوں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کی منفی شرح نمو پالیسی سازوں کے لیے چشم کشا ہونی چاہیے لیکن وہ حالات کو درست بنانے کے لیے کچھ نہیں کررہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیپرا اور اوگرا کو بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ فورا واپس لینے کے احکامات صادر کرے۔

متعلقہ عنوان :