بہاولپور ڈویژن میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کردی

عشرہ محرم الحرام کی حساسیت کے پیش نظر کسی بھی متعلقہ آفیسر اور ملازم کی فرائض سے غفلت اور کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ‘صوبائی وزیر اقبال چنڑ

جمعرات 21 ستمبر 2017 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر کو آپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ بہاولپور ڈویژن میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر تمام سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کی واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عشرہ محرم الحرام کی حساسیت کے پیش نظر کسی بھی متعلقہ آفیسر اور ملازم کی فرائض سے غفلت اور کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

انہوں نے روٹس کے مقررہ روایتی راستوں پر ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے ،تعمیراتی میٹریل کو ہٹانے اور سیکورٹی کیمروں کو فوری فنکشنل کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی انتظامات میں رخنہ ڈالنے اور شر پسندی ،اشتعال انگیزی کرنے والوں کے خلاف فی الفور ٹھوس ایکشن لینے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کو مکمل فری ہینڈ دے دیا گیا ہے جبکہ تمام انتظامات اور اہم جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ کے لیے ڈی سی آفس اور ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دئے گئے ہیں جہاں پر 24گھنٹے ملازمین ڈیوٹی پر موجود ہونگے اور ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کو فوری اطلاع دی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے علماء کے مثالی بین المسالک اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کی وجہ سے کبھی بھی امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا تاہم پھر بھی تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین اور عوام الناس کو شر پسند اور امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہوگی ۔انہوں نے ابتک کئے گئے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر من و عن عمل درآمد کروانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے جبکہ حفاظتی انتظامات کو مذید فول پروف بنانے کے لیے آرمی اور رینجرز کے افسران اور جوان بھی انکی بھ پور معاونت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :