عوام کو زیا دہ سے زیادہ دنیا بھر کی کتابوں سے فوری مستفید ہونے کیلئے ای لائبریری کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا‘محمد منشاء اللہ بٹ

صوبہ کی تمام لائبریریز کو انڈیا، کینیڈا اور سری لنکا کی طرز پر چلایا جائے گا،کمیٹی کو لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ‘صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی

جمعرات 21 ستمبر 2017 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ کی سربراہی میںقائداعظم لائبریری باغ جناح میں لائبریری اتھارٹی تشکیل دینے بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری لا ئبریری طاہر یوسف کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب پبلک لائبریریز ڈاکٹر ظہیر احمد بابر اور نامور دانشور ،تجزیہ و کالم نگار مجیب الرحمان شامی نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے اجلاس کو بتایا کہ70 سال گزرنے کے باوجود آج تک کسی قسم کا لائبریری ایکٹ نہ بنایا جا سکا جس کی بنا پر لائبریریوں میںنئی کتابوں کو خریدا نہ جا سکا اور مختص فنڈز کو غیر ضروری طور پر استعمال میں لایا گیا۔ و زیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبے کی تمام لائبریوں کے نظام اور طریقہ کار کو باضابطہ طور پر قانون سازی کے ذریعے ایک اتھارٹی بنا کردنیا بھرکی دیگر لائبریوں کی طرح جدید اور سائنسی انداز میں ڈھالنے پر کار بند عمل ہیں۔

(جاری ہے)

حال ہی میں سروے کرایا گیا جس کے مطابق صوبہ کی 182لائبریر یوں میں سے صرف58لائبریریوں نے اپنی بہتر پرفارمنس بارے آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان لائبریریوں کو فراہم کردہ فنڈز بارے بھی آ گاہی حاصل کی جا رہی ہے۔تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں قائم لائبریریز کی بھی چیکنگ کرنے بارے اور مختص حکومتی فنڈز کے استعمال بارے بھی ر پورٹ طلب کی جا رہی ہے۔

جلد تمام پرائیوئٹ تعلیمی اداروں میں بھی لا ئبریریز کے قیام کا جائزہ لیا جائے گااور ایسے پرائیوئٹ تعلیمی اداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جنہوں نے لائبریریاں تشکیل نہ دی ہو نگی۔ صوبے کی تمام لائبریریوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے لئے جلد پنجاب لا ئبریریز اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔جس کے بعد تما م لائبریریوں میں قوانین کے مطابق بہترین قابلیت کا حا مل عملہ تعینات ہو گا۔

عوام کو زیا دہ سے زیادہ دنیا بھر کی کتابوں سے فوری مستفید ہونے کے لئے ای لائبریری کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ58 فعال لائبر یریز میں کل عملہ 464 افراد پر مشتمل ہے جن میں کتابوں کی تعداد1310252 اورکمپیوٹرز کی تعداد283ہے جبکہ حکومت کی طرف سے ان تمام کو21کروڑ50 لاکھ روپے کی سالانہ گرانٹ دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تمام لائبریریز کو انڈیا، کینیڈا اور سری لنکا کی طرز پر چلایا جائے گا۔ اس سلسلے میںان ممالک کے طریقہ کار کو اپنانے کے لئے کمیٹی کو لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔