پی این ایس شفاء کراچی میں جدید انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ کا افتتاح

جمعرات 21 ستمبر 2017 16:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس شفاء میںامراضِ قلب کے علاج کے لیے قائم کیے گئے جدید سہولیات سے آراستہ انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ (Interventional Cardiac Unit) کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے کارڈیک یونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

جمعرات کے روز جاری اعلامیہ کے مطابق پی این ایس شفاء آمد پر کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے مہمانِ خصوصی کا خیر مقدم کیا۔ ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن رئیر ایڈمرل نجم الثاقب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انٹروینشنل کارڈیالوجی شعبہ امراضِ قلب کی وہ شاخ ہے جس میں دل کی ساخت سے متعلق امراض کا جدید تکنیک کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پی این ایس شفاء میں قائم ہونے والا انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ اپنی نوعیت کا پہلا یونٹ ہے جو ملک کے جنوبی حصے میں مسلح افواج کے تحت چلنے والے کسی دوسرے اسپتال میں موجود نہیں۔ یہ یونٹ مسلح افواج کے افراد کے ساتھ ساتھ شہری آبادی کو بھی امراضِ قلب کے علاج معالجے کی جدید سہولیات مہیا کرے گا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے مختصر ترین وقت میں کارڈیک یونٹ کے قیام پر پی این ایس شفاء کی انتظامیہ کو خراج ِ تحسین پیش کیا اور امیدظاہر کی کہ یہ ہسپتال مسلح افواج کے افراد اور مقامی شہریوں کو یکساں طور پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گا۔

پی این ایس شفاء پاک بحریہ کے زیر انتظام چلنے والا ہسپتال ہے جو مختلف شعبہ ہائے طب اور جراحی میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کررہا ہے۔ مزید برآں، 25 بستروں پر مشتمل انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ کا قیام شہر میں دستیاب طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاک بحریہ کی ایک نمایاں کاوش ہے۔ اس یونٹ کے قیام کے بعد تینوں مسلح افواج کے افراد اور عام شہریوں کو جدید طریقہ علاج بشمول انجییو گرافی، انجیو پلاسٹی اور کمپیوٹڈ ٹومو گرافی وغیرہ کی سہولیات میسر ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :