بی آئی ایس پی ماروی میمن کی وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات

این ایس ای آر سروے اور آزاد کشمیر میں بی آئی ایس پی کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:30

بی آئی ایس پی ماروی میمن کی وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے جمعرات کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران این ایس ای آر سروے اور آزاد جموں و کشمیر میں بی آئی ایس پی کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس وقت بی آئی ایس پی آزاد جموں کشمیر کی تین ڈویژنز میر پور، مظفر آباد اور پونچھ میںکام کر رہا ہے، ان ڈویژنز میں 30دفاتر 106,193 بی آئی ایس پی مستحقین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر ہائوسنگ، فیزیکل پلاننگ اینڈ ایگریکلچر چوہدری فاروق، وزیر قانون اور بجلی راجہ نثار احمد خان، وزیر خزانہ ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نجیب نقی، وزیر سماجی فلاح و بہبود راجہ نورین عارف، وزیر ورکس چوہدری محمد عزیز، وزیر تعلیم ایم سی ڈی پی بیرسٹر افتخار گیلانی، وزیر محصولات سردار فاروق سکندر، آزاد جموں کشمیرحکومت اور بی آئی ایس پی حکام نے ملاقات میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ اے جے کے میں این ایس ای آر سروے کی کامیابی سے تکمیل کیلئے اے جے کے حکومت کا تعاون بہت اہم ہے کیونکہ 5لاکھ افراد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے کی تکمیل کے بعد این ایس ای آر کیلئے ملک گیر سروے کا آغاز کیا جائے گا۔ نیا سروے ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جس کے تحت گزشتہ سروے میں کی جانے والی کوتاہیوں کا خیال رکھا جائیگا اور یہ عمل اسے مستحقین کی شناخت اور انتخاب کے حوالے سے دنیا کا بہتری سوشل سیفٹی نیٹ بنائے گا۔

وزیراعظم فاروق حیدر نے کہا کہ اے جے کے حکومت علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے این ایس ای آر سروے میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے چیئر پرسن بی آئی ایس پی کو اعلی بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ اور فرینچ نیشنل آرڈرآف میرٹ جیتنے سے ملکی وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے ماروی میمن کی ایل او سی فائرنگ کے شہدا کیلئے عقیدت رکھنے پر انکی تعریف کی اور تعزیت کیلئے انکے کے گھروں کا دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے وزیراعظم کو اے جے کے مزید دو اضلاع نیلم اور حویلی میں بی آئی ایس پی کے وسیلہ تعلیم پروگرام کو شروع کرنے کے حوالے سے مطلع کیا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2018ء میں سکولوں میں بچوں کے اندراج کا آغاز کیا جائیگا، نیلم میں 10,374 اور حویلی میں 16,442 بچوں کا اندراج کئے جانے کی توقع ہے۔

اس وقت وسیلہ تعلیم کے تحت اے جے کے میں 40,220 بچے سکولوں میں رجسٹر ہیں جن میں 13,339 بچے باغ، 19,140 بچے کوٹلی اور 7,741 بچے میر پور میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی مستحقین کی سہولت کیلئے مظفر آباد میں ڈویژنل آفس کے قیام کیلئے کام کررہا ہے اور اس حوالے سے اے جے کے حکومت کا تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہوگا۔ قبل ازیں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے ریجنل آفس مظفر آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بی آئی ایس پی حکام اور مستحقین سے ملاقات کی۔

انہوں نے مستحقین کی شکایات سنیں اور بی آئی ایس پی عملے کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد ان مسائل کو حل کریں۔انہوں نے مانوک پایاں مہاجر کیمپ میں بی آئی ایس پی کی مستحق خاتون پروین بی بی کے گھر کا دورہ بھی کیا۔ پروین بی بی روایتی شالیں بنا تی ہے اور انہیں فروخت کر کے بی آئی ایس پی کے ای۔کامرس اقدام سے مستفید ہورہی ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اس کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ خواتین اپنے اندر چھپی صلاحیت کو پہچان کر نہ صرف اپنی زندگیوں میں تبدیلی لاسکتی ہیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :