قومی اسمبلی اجلاس ، نیب کی گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کرپٹ افسران اور سیاستدانوں سے پلی بارگین کے ذریعے چھتیس ارب روپے سے زائد کی وصولی

ملک بھر میں مجموعی طورپر تین ہزار سے زائد کرپٹ افسران اور سیاستدانوں کیخلاف تحقیقات کی ہیں اور 948 افسران اور سیاسی شخصیات کیخلاف ریفرنس دائر کئے، نیب لواری ٹنل پراجیکٹ کے منصوبے پر 23ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور یہ منصوبہ 2019ء تک مکمل کرلیا جائے گا نیلم جہلم منصوبے کا پہلا ٹربائن اسی سال کام شروع کردے گا ملک بھر میں ووٹرز کی مشکلات کے پیش نظر پولنگ سٹیشنوں میں اضافہ اور خواتین کے ووٹ ہنگامی بنیادوں پر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، حکو مت

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:03

قومی اسمبلی اجلاس ، نیب کی  گزشتہ پانچ سالوں کے دوران  کرپٹ  افسران اور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) قومی احتساب بیورو کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران نیب نے کرپٹ افسران اور سیاستدانوں سے پلی بارگین کے ذریعے چھتیس ارب روپے سے زائد وصول کئے گئے ہیں ، لواری ٹنل پراجیکٹ کے منصوبے پر 23ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور یہ منصوبہ 2019ء تک مکمل کرلیا جائے گا نیلم جہلم منصوبے کا پہلا ٹربائن اسی سال کام شروع کردے گا ملک بھر میں ووٹرز کی مشکلات کے پیش نظر پولنگ سٹیشنوں میں اضافہ اور خواتین کے ووٹ ہنگامی بنیادوں پر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب ) نے بدعنوان افسران سے پلی بارگین کے ذریعے 36 ارب 27کروڑ 80لاکھ روپے سے زائد وصول کئے ہیں نیب نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طورپر تین ہزار سے زائد کرپٹ افسران اور سیاستدانوں کیخلاف تحقیقات کی ہیں اور 948 افسران اور سیاسی شخصیات کیخلاف ریفرنس دائر کئے ہیں جواب میں بتایا گیا کہ مالی سال 2013-14ء کے دوران کرپشن کے کیسز میں 7ارب روپے سے زائد وصول کئے گئے 2014-15ء کے دوران کرپشن کے 71کیسز میں پلی بارگین کے ذریعے تین ارب 54 کروڑ روپے سے زائد وصول کئے گئے ہیں اس طرح 2015-16ء کے دوران کرپشن کے 172کیسز میں پلی بارگین کے ذریعے 12 ارب سے زائد وصول کئے گئے ہیں مالی سال 2016-17ء کے دوران کرپشن کے 224 کیسز میں پلی بارگین کے ذریعے 12ارب 72کروڑ سے زائد وصول کئے گئے جبکہ مارچ 2017ء تک کرپشن کے 70کیسز میں پلی بارگین کے ذریعے 89 کروڑ 70لاکھ روپے وصول کئے گئے ہیں وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ملک میں بجلی کا کوئی بحران نہیں ہے تاہم جن منصوبوں میں بجلی چوری کی جاتی ہے وہاں پر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے رکن اسمبلی شیر اکبر نے کہا کہ جن علاقوں میں ریکوری ہورہی ہے وہاں پر بھی اٹھارہ سے بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے وزیر مملکت کے قول و فعل میں تضاد ہے جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ جب تک چکدرہ گرڈ سٹیشن تعمیر نہیں ہوگا اس وقت تک بجلی کے مسائل حل نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو زمین کی رقم ادا کی جاچکی ہے مگر ہمیں زمین نہیں دی جارہی ہے رکن اسمبلی شمس النساء کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت بجلی نے کہا کہ نیلم جہلم کا پہلا ٹربائن جلد ہی شروع ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے گیس اور کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے حکومت کی پالیسی کے مطابق دو ہزار گیارہ تک تیل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بند کردیئے جائینگے رکن اسمبلی پروین مسعود بھٹی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال نے بتایا کہ خیر پور اکنامک زون کو گیس فراہمی کی منظوری دی جاچکی ہے اور اس پر جلد کام شروع کردیا جائے گا رکن اسمبلی شکیلہ لقمان کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر پارلیمان شیخ آفتاب نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پولنگ سٹیشنوں کی تعداد بڑھا کر 83 ہزار کردی گئی ہے اس میں مزید اضافہ بھی کیاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ مرد اور خواتین کے پولنگ سٹیشن مکمل طور پر الگ الگ کردیئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی پہلی ذمہ داری یہی ہوتی ہے کہ گرائونڈ فلور پر پولنگ سٹیشن بنائے جائیں رکن اسمبلی عائشہ سید کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزراء شیخ آفتاب نے کہاکہ جن علاقوںمیں خواتین کے ووٹ کم ہیں وہاں پر خصوصی سروے کرایا جائے گا انہوں نے کہا کہ اب طریقہ کار یہ ہے کہ جو بھی مرد یا خواتین شناختی کارڈ بنائیں تو ان کے ووٹ بھی بن جائیں گے انہوں نے کہا کہ خواتین کا تقدس ہمارے لئے بہت اہم ہے اور خواتین کیلئے علیحدہ پولنگ سٹیشن بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ خواتین کے شناختی کارڈ ہنگامی بنیادوں پر بنانے کیلئے وزارت داخلہ سے بات کی جائے گی رکن اسمبلی نگہت میر کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے انچارج وزیر چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ ملک کے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں برن یونٹ کا قیام ضروری ہے رکن اسمبلی جمشید دستی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری جنید انوار نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اور موٹروے کے ٹال پلازوں پر فیسوں میں اضافے کی انکوائری کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ٹال پلازہ پر فیس بڑھانا معاہدے میں شامل ہوتا ہے رکن اسمبلی مسرت رفیق میر کے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے وزیر توانائی کی جانب سے بتایا گیا کہ اپریل دو ہزار سترہ میں بجلی کا اوسط شارٹ فال 4259 میگا واٹ تھا اور اس کی بنیادی وجوہات میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ، تربیلا ، منگلا ڈیم میں پانی کی کمی اور بھکی پاور پلانٹ کی بندش تھا وزارت مواصلات کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں بتایا گیا کہ لواری ٹنل پراجیکٹ پر اب تک 23ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں اس پر تعمیراتی کام 2019ء تک مکمل کرلیا جائے گا وزارت توانائی کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ پٹرولیم کمپنیوں کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سماجی بہبود کے منصوبوں پر 2.461 ملین امریکی ڈالر خرچ کئے گئے ہیں