سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر سن وی ڈونگ کی الوداعی ملاقات

دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال

جمعرات 21 ستمبر 2017 15:33

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر سن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) چین کے پاکستان میں سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ نے جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے الوداعی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ چینی سفیر کی پاکستان میں تعیناتی کے دوران دوطرفہ ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے، پاکستان اور چین بہترین ہمسائیگی اور دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان اور چین کے عوام کیلئے خوشحالی کا پیغام ہے بلکہ خطہ کے تمام ممالک اس سے مستفید ہوںگے، پاکستان اور چین کے مابین مثالی تعلقات علاقائی ترقی، دوطرفہ تعاون، خیرسگالی اور معاشی و اقتصادی تعاون پر استوار ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر نے سپیکر سردار ایاز صادق کا خیرسگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطہ کے تمام ممالک کے عوام کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے عوام خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن اقتصادی، معاشی اور دفاعی تعاون جاری رکھے گا۔