Live Updates

جس شخص کو آدھے گھنٹے پہلے کے اپنے ہی الفاظ کا پتا نہ ہو اس سے کیا توقع کی جاسکتی ہے ،ْ شہباز شریف کی عمران خان پر تنقید

جمعرات 21 ستمبر 2017 15:31

جس شخص کو آدھے گھنٹے پہلے کے اپنے ہی الفاظ کا پتا نہ ہو اس سے کیا توقع ..
ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص کو آدھے گھنٹے پہلے کے اپنے ہی الفاظ کا پتا نہ ہو اس سے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ڈیرہ غازی خان میں سڑک کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ مخالفین نے الزام لگائے کہ شہباز شریف نے 27 ارب روپے کی رشوت لی اور جب میٹرو ملتان کا بے بنیاد الزام جوڑا گیا تو مجبوراً انہیں پریس کانفرنس کرنا پڑی۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 48 گھنٹے میں ثبوت پیش کئے جائیں اور عمران خان کو عدالت لے کر گیا تو وہ پیش ہی نہیں ہوئے ،ْ اگر وہ اتنے ہی بڑے چمپئن ہیں تو عدالت میں کرپشن کے الزامات ثابت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ڈینگی برادران ہیں تاہم جب پشاور میں ڈینگی کی وبا آئی تو عمران خان پہاڑوں کی سیر پر چلے گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد بھی پاکستانی ہیں اور ہماری دعا ہے کہ جلد سے جلد وہاں سے یہ وبا ختم ہو۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج یہاں 123 ارب روپے کی لاگت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے تاہم اس سے پہلے ڈیرہ غازی خان کے مسائل بہت زیادہ تھے، مجھے یاد ہی2010 میں ڈیرہ غازی خان میں آنے والے سیلاب نے سمندر کی شکل اختیار کرلی تھی، وہ سیلاب 100 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا جس نے شہر میں تباہی مچادی تھی مجھے اس وقت سمجھ آئی کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کیا ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں 13 ارب روپے کی لاگت سے 55 کلومیٹر لمبی سڑک کی تعمیر کا یہ منصوبہ تاریخ ساز ہوگا، یہ منصوبہ اگلے سال 30 جون کو مکمل ہوجائے گا تاہم سڑک کے معیار کی نگرانی سب کو کرنی ہے، عوام کا پیسہ عوام کی خوشحالی پر خرچ ہونا چاہئے اور ہم عوام کی خدمت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اگر ہم نے 9 سال میں عوام کا ایک دھیلا بھی کھایا تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات