پاکستان الیون نے یوکے میڈیا الیون کو 133رنز سے ہرادیا

امن کپ خیرسگالی میچ میں پاکستان الیون نے یوکے الیون کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا ،ْمیڈیا الیون120رنز بنا سکی شاہد آفریدی 80رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے ،ْ انضمام الحق نے 28رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،ْ شاہد آفریدی مین آف دی میچ قرار پائے

جمعرات 21 ستمبر 2017 14:03

میرانشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) امن کپ خیرسگالی میچ میں پاکستان الیون نے یوکے الیون کو 133رنز سے بآسانی شکست دیدی ،ْامن کپ خیرسگالی میچ میں پاکستان الیون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکے الیون کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا ،ْشاہد آفریدی 80رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ،ْ انضمام الحق نے 28رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،ْ یو کے میڈیا الیون مقررہ 20اوورز میں 120رنز بنا سکی ۔

جمعرات کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چمپئن ٹیم پشاور زلمی کے تعاون کے ساتھ فاٹا میں کھیلوں کے زریعے امن کا پیغام پہنچانے کیلئے میران شاہ میں ’پیس کپ 2017‘ کے نام سے ایک نمائشی میچ منعقد کیا۔

(جاری ہے)

پیس کپ میچ میں یوکے الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی ،ْاوپنر کامران اکمل اور یاسر حمید نے 51 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

یاسر حمید 19 رن بناکر آئوٹ ہوئے ،ْکامران اکمل اور عمر امین نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی تاہم دونوں بیٹسمین کے ریٹائرڈ آئوٹ ہونے کے بعدسابق کپتان انضمام الحق اورشاہد آفریدی بیٹنگ کے لئے میدان میں اترے۔شاہد آفریدی نے روایتی جارحانہ انداز اپنا کر میران شاہ میں شائقین کو خوب محظوظ کیا اور کئی شاندار چھکے لگائے۔انضمام الحق نے بھی کچھ ہاتھ دکھائے۔

آفریدی 80 اور انضمام 28 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے ، یوں پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 253 رن بنائے۔ یو کے میڈیا الیون کی ٹیم اس پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام ہوگئی اور مقررہ بیس اوورز میں 120رنز بناسکی اور اس طرح پاکستان الیون نے یہ میچ 133 رنز سے جیت لیا۔یوکے میڈیا الیون کے نثار آفریدی 70رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ شاہد خان آفریدی کو شاندار کار کر دگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :