وائٹ ہائوس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے مابین بات چیت کو اہم قرار دیدیا،پاکستان ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیائی پالیسی پر امریکہ کا شراکت دار بن کر بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے،امریکی نائب صدر

جمعرات 21 ستمبر 2017 00:30

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وائٹ ہائوس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے مابین بات چیت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیائی پالیسی پر امریکہ کا شراکت دار بن کر بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر کی ملاقات پر جاری کئے گئے بیان میں وائٹ ہائوس نے کہا کہ اس ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیائی حکمت عملی، جس کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا، کے بارے میں اہم بات چیت ہوئی۔

بیان کے مطابق امریکی نائب صدر نے صدر ٹرمپ کے اس یقین کو دہرایا اور کہا کہ پاکستان خطے میں ہماری کوششوں میں شراکت دار بن کر بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہائوس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر نے ان طریقوں کو اجاگر کیا جن کے ذریعے پاکستان جنوبی ایشیاء میں سب کیلئے استحکام و خوشحالی کو بڑھانے کیلئے امریکہ اور دوسروں کے ساتھ مل کر کام کر سکتا ہے۔ پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر نے افغانستان اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق معاملات پر بات چیت کی اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔