وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی زیرصدارت اقتصادی تعاون تنظیم کی کونسل آف منسٹرز کا غیر رسمی اجلاس،اقتصادی تعاون تنظیم کو ادارہ جاتی اصلاحات، تجارت اور رابطوں کے فروغ کے ذریعے مضبوط بنانے میں تعاون کریں گے،خواجہ آصف،آذربائیجان کے خلاف جمہوریہ آرمینیا کی جارحیت پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت،فلسطین، جموں و کشمیر اور نگورنو کارا باخ سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کئے بغیر عالمی امن اور سلامتی ممکن نہیں،وزیر خارجہ کا اظہار خیال

بدھ 20 ستمبر 2017 23:50

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اقتصادی تعاون تنظیم کو ادارہ جاتی اصلاحات اور تجارت اور رابطوں کے فروغ کے ذریعے مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے تعاون کا اعادہ کیا ہے۔ وہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اقتصادی تعاون تنظیم کی کونسل آف منسٹرز کے ایک غیر رسمی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے علاقائی تعاون بڑھانے کیلئے پاکستانی عزم کا بھی اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک وزراء نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور مواصلات سمیت مختلف شعبوںمیں علاقائی تعاون بڑھانے کیلئے تعاون پر بھی بات چیت کی۔ رکن ممالک کے وزراء نے رواں سال ای سی او سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو سراہا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے آذربائیجان کے خلاف جمہوریہ آرمینیا کی جارحیت پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، جموں و کشمیر اور نگورنو کارا باخ سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کئے بغیر عالمی امن اور سلامتی ممکن نہیں۔