وہ لوگ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں جو انسانیت کی خدمت پریقین رکھتے ہوئے فلاحی کام کرتے ہیں ،دنیا فانی ہے اورہم سب نے ایک دن چلے جاناہے اگرہم کوئی اچھاکام کرکے جائیں گے تو لوگ ہمیں اچھے الفاظ سے یادرکھیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری

بدھ 20 ستمبر 2017 23:54

وہ لوگ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں جو انسانیت کی خدمت پریقین رکھتے ..
کوئٹہ۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ وہ لوگ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں جو انسانیت کی خدمت پریقین رکھتے ہوئے فلاحی کام کرتے ہیں ،دنیا فانی ہے اورہم سب نے ایک دن چلے جاناہے اگرہم کوئی اچھاکام کرکے جائیں گے تو لوگ ہمیں اچھے الفاظ سے یادرکھیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈاکٹرکلیم اُللہ ہیلتھ فاؤنڈیشن ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزرأ عبدالرحیم زیارتوال،ڈاکٹرحامد خان اچکزئی ،نواب ایاز خان جوگیزئی، سرداررضامحمدبڑیچ،عبیداُللہ جان بابت رکن صوبائی اسمبلی نصراُللہ زیرے اورزندگی کے -مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نفسانفسی کے اس دورمیں معاشرے میں ایسے افراد کی تعدادبہت کم ہے جو فلاحی ادارے قائم کرکے غریبوں اورنادارافراد کو صحت اورتعلیم جیسی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنارہے ہیں اُن کا یہ عمل معاشرے کے دیگر لوگوں کیلئے قابل تقلید ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسان جو کچھ زندگی میں حاصل کرتاہے زندگی کے اختتام پر اسے سب کچھ دنیاہی میں چھوڑکرجاناہوتاہے اگرہم زندگی کی اس حقیقت کو سمجھ کر دُکھی انسانیت کیلئے اپنی حیثیت کے مطابق کچھ نہ کچھ کارخیرکردیں تو یہ گھاٹے کا سودانہیں۔وزیراعلیٰ نے سکندراعظم کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ نصف دنیافتح کرنے کے بعد جب سکندراعظم یہ دنیاچھوڑکرجارہاتھا تو اس نے نصیحت کی کہ اس کے دونوں ہاتھ کفن سے باہررکھے جائیں تاکہ لوگوں کوپتہ چلے کہ دنیا سے جاتے وقت نصف دنیا کے فاتح کے دونوں ہاتھ خالی ہیں،انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرکلیم اُللہ نے ہسپتال کی شکل میں فلاحی ادارہ قائم کرکے ایک بہترین مثال قائم کی ہے اوریہ ہی وہ اصل کام ہے جو ہرصاحب حیثیت کو کرناچاہیے ہسپتال کے قیام سے غریب لوگوں کو بلامعاوضہ صحت کی سہولیات فراہم ہوں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا یقیناحکومت عام آدمی کو علاج معالجہ کی بہترسہولتوںکی فراہمی کیلئے کوشاں ہے تاہم وسائل کی کمی کے باعث مقررہ اہداف کے حصول کیلئے مخیرحضرات کو بھی آگے آناہوگا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہسپتال کیلئے 20 ملین روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔قبل ازیں ڈاکٹرکلیم اُللہ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سوساٹھ بستروں پرمشتمل ہسپتال میں ابتدائی طورپر ساٹھ بستروں کی سہولت دستیاب ہے اوروسائل کی دستیابی کے بعد مزید سوبستروں کی سہولت فراہم کردی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا قیام غریب عوام جو بہترعلاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے کیلئے عمل میں لایاگیاہے۔

ہسپتال کے امور کوچلانے کیلئے بورڈزآف ڈائریکٹر زکا قیام کا عمل میں لایاگیاہے جس میں سینئرڈاکٹرز اورزندگی کے دیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادشامل ہیں۔علاوہ ازیں بہت سے سینئرڈاکٹروں نے فلاحی ہسپتال کووقت دینے کاوعدہ کیاہے۔ہسپتال کے چیف ایگزیکٹوڈاکٹرحق دادترین نے اس موقع پر بتایا کہ اب تک ہسپتال کے قیام اورجدید آلات کی تنصیب پر186.87ملین روپے کی لاگت آئی ہے تاہم ہسپتال کو پوری طرح فعال بنانے کیلئے مزید 80ملین روپے اورنادارافراد کو بلامعاوضہ علاج ومعالجہ کی فراہمی کیلئے زکواة،عطیات اورمالی معاونت کی ضرورت ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر،ایکسرے روم اوردیگر شعبوں کا معائنہ کیا اورہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :