ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انفرادی و اجتماعی رویوں میں بہتری لانا ہوگی، وائس چانسلرزرعی یونیورسٹی

بدھ 20 ستمبر 2017 23:51

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) خواتین کو تعلیمی‘ معاشی ‘ خاندانی اور معاشرتی سطح پر اپنی صلاحیتیوں کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرکے ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انفرادی و اجتماعی رویوں میں بہتری لانا ہوگی ۔یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفرنے لیبارٹری سکولز و کالج سسٹم کے زیراہتمام نئے داخل ہونے والی طالبات کیلئے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

ڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے نئے طلبہ کو سکول و کالج سسٹم میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں اس امر پر فخر ہونا چاہئے کہ وہ دنیا کی 100بہترین جامعات میں شامل عظیم دانش گاہ کا حصہ بننے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیبارٹری سکولز و کالج سسٹم کی طالبات نے 2013ء سے ڈویژن سطح پر نمایاں کامیابیوں کے ساتھ سکول کی نیک نامی کو اًوج ثریا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس میں سکول کی محنتی اساتذہ اور والدین کا بنیادی کردار ہے جسے وہ تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے نئے داخل ہونے والی طالبات پر زور دیا کہ خوب محنت سے تعلیم حاصل کریں اور اساتذہ‘ والدین اور تمام بڑوں کا ادب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب ایسی فضاء قائم ہوچکی ہے جہاں خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ زیادہ دیرتک مزاحمت نہیں کر سکتی لہٰذا خوب محنت سے اپنی تعمیری صلاحیتوں کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلبہ اور سٹاف میں خواتین کی تعداد 45فیصد سے تجاوز کر چکی ہے جن کیلئے تعلیمی‘ تحقیقی‘ اقامتی اور دفتری سہولیات کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی جامعہ سے بڑھ کر ہیں۔

انہوں نے حضرت محمد ﷺکی پہلی زوجہ محترمہ کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ حضرت خدیجہؓ شادی کے وقت عرب کی ایک معروف تاجر خاتون تھیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام خواتین کو تعلیمی و معاشی شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیاکہ خود کو موبائل ‘ کمپیوٹر اور ٹی وی سکرینوں سے دور کرتے ہوئے جسمانی صحت کو یقینی بنانے پر توجہ دیں کیونکہ ایک صحت مند اور توانا جسم میں ہی تروتازہ دماغ ہوتا ہے۔

انہوں نے سکول وکالج انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے سکول کی بہتری‘ سٹاف کی ویلفیئر اور بچوں کی سہولیات کیلئے دی جانیوالی تجاویزپرعملدرآمد کیا جائے گا۔اس موقع پر پرنسپل آفیسر سکولز ڈاکٹر خلیل الرحمن‘ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف سکول پرنسپل مسز شہلہ حماد‘ لیبارٹری بوائے سکول کے پرنسپل مظہر گلستان بھی موجود تھے۔