دہشتگردی کے خلاف اور دنیا میں قیامِ امن کے لیئے جمہوریت بہترین اور سب سے زیادہ موثر ہونے والا ہتھیار ہے، بلاول بھٹو زرداری

بدھ 20 ستمبر 2017 23:50

دہشتگردی کے خلاف اور دنیا میں قیامِ امن کے لیئے جمہوریت بہترین اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی امن کو یقینی بنانے کے لیئے بین الاقوامی اقدامات پر زور دیا ہے تا کہ پوری دنیا کو منظم دہشتگردی سے درپیش خطرات سے آنے والی نسلوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ عالمی یوم امن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے اقوامِ متحدہ کی جانب سے امسال اس دن سے منسلک موضوع " یکجا برائے امن: ہر ایک کے تحفظ اور وقار کا احترام" کی توثیق کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک پاکستان ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں بشمول مالی و معاشی نقصانات 50،000 شہریوں کو بھی گنوایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف اور دنیا میں قیامِ امن کے لیئے جمہوریت بہترین اور سب سے زیادہ موثر ہونے والا ہتھیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کے لیئے کی گئی عالمی کاوشوں میں پیپلز پارٹی برابر کی شرکتدار ہے اور ہمارے قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینطیر بھٹو کو حقیقتا عالمی امن کے لیئے ان کی کاوشوں کے باعث سزا دی گئی اور قتل کردیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت امن، خوشحالی اور انصاف کے لیئے جدوجہد ختم نہیں کرے گی اور قومی و عالمی امن کے لیئے اٹھائے جانے والے ہر قدم کی حمایت کرے گی۔