پشاور،انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا

محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی

جمعرات 21 ستمبر 2017 00:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پشاور، مردان اور ہزارہ ریجن کے اضلاع میں محرم الحرام کو پُر امن طریقے سے منانے اور فُل پروف سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ جبکہ ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشن پشاور اور متعلقہ اضلاع کے ضلعی پولیس افسروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ایس ایس پی پشاور اورتمام ڈی پی اُوز نے نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے پولیس سربراہ کو اپنے اپنے اضلاع میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و آمان کے قیام کے لیے پولیس فرنٹ فورس کے طور پر فرائض سرانجام دے گی اور سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے اور شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور مذہبی بھائی چارے کی فضاء کے قیام اور شرپسندوں پر کڑی نگاہ رکھنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

شرکاء اجلاس کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ انٹیلی جنس اطلاعات پر بروقت ایکشن کریںاور شرپسندوں کے مزموم عزائم کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے پہلے ناکام بنائیں۔ آئی جی پی نے شرکاء کو مزید ہدایت کی کہ وہ مختلف مکاتب فکر کے علماء اور رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں کرکے ان کے مشوروں سے سیکورٹی اقدامات کو آخری شکل دیں۔ اور اشتعال انگیزتقاریریں اور نفرت پھیلانے والے لیٹریچروں کے مواد تقسیم کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ وہ محرم والے اضلاع کا بہت جلدی بذات خود دورہ کریں گے اور وہاں پر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائیزہ لیں گے۔ آئی جی پی نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کی چیکنگ مختلف ٹیموں کے ذریعے کرائی جائے گی اور انتظامات میں کمی کے بارے میں متعلقہ ڈی پی اُوز سے باز پُرس کی جائیگی۔

قبل ازیں متعلقہ ڈی پی اُوز نے اپنے اپنے اضلاع میں ماتمی جلوسوں اور ان کی حفاظت کے لیے اُٹھائے گئے سیکورٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ محرم 2017 کے لیے سیکورٹی انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے۔ مختلف امن کمیٹیوں، سماجی تنظیموں اور دونوں فرقوں کے علماء اور اکابرین کے تعاون اور مشوروں سے حفاظتی انتظامات ترتیب دیئے جارہے ہیں۔ کانسٹیبل کی سطح پر پولیس جوانوں کی محرم کی ڈیوٹی سے متعلق بریفنگ اور ان میں فرائض کی بطریق احسن ادائیگی کا جذبہ بیدار کرنے کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :