وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال کا فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

فرنٹئیر کانسٹیبلری پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، فرنٹئیر کانسٹیبلری کو جدید اسلحہ، سازوسامان اور بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پروفیسر احسن اقبال

جمعرات 21 ستمبر 2017 00:00

پشاور۔ 20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا بھی کی۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق وزیرداخلہ کو کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری لیاقت علی خان نے اس موقع پر بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے فرنٹئیر کانسٹیبلری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جدید اسلحے سے لیس کرنے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹئیر کانسٹیبلری پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ فرنٹئیر کانسٹیبلری کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس وقت فرنٹئیر کانسٹیبلری کو جدید اسلحہ، سازوسامان اور بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور جلد ہم اپنے ان اہداف کو حاصل کر لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افرادی قوت اور تنخواہوں میں اضافے کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں وزیر داخلہ نے باڑہ میں موجود ایف سی ہیڈکوارٹر ز کا بھی دورہ کیا اور سپینا تھانہ ایف سی کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیر داخلہ نے راستے میں رک کر مدرسہ کے بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔وزیر داخلہ احسن اقبال بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے گفتگو میں دل لگا کے پڑھنے اوراپنے مستقبل کو تابناک بنانے کی نصیحت کی۔