چیئرمین سینیٹ سے ایشیائی امن فلم فیسٹیول کے 30رکنی وفدکی ملاقات

ایشیائی خطے کے فلم ساز مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں ،رضاربانی

بدھ 20 ستمبر 2017 23:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے فلم سازی اور فلمی صنعت سے وابستہ لوگوں پر زور دیا ہے کہ ایشیائی خطے کے فلم سازوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خطے کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں تاکہ خطے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کیا جاسکے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایشیائی امن فلم فیسٹیول کے 30رکنی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے اورایشیائی عوام کی بہتری کے لیے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وفد کے اراکین پر زور دیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ مل جل کر مسائل کی نشاندہی کی جائے۔

(جاری ہے)

میاں رضاربانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ فلم سازوں کے اس دورے کے باعث پاکستان کے خلاف مغرب کے پیدا کردہ منفی تاثر اور پروپیگنڈا کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین سینٹ نے وفد کو بتایا کہ پارلیمان میں بنائی گئی گلی ء دستور یادگار جمہوریت اورلائبریری میں آرٹسٹوں کا بڑا کردار رہا ہے اور ان منصبوبوں نے پارلیمان اور نوجوان آرٹسٹوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد کی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے بھی چیئرمین سینٹ کو اپنے تاثرات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے گلی ء دستور اور یادگار جمہوریت کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :