راولپنڈی ریجن میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جنرل منیجر محمد ظہور

متعدد ترقیاتی منصوبوں پر عمل جاری ہے ،ساڑھے 5کلومیٹر 10انچ قطر کی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے ون ونڈو آپریشن ، فیلڈ بیک سہولت ،کسٹمرز سروس کو مزید بہتر بنادیا گیا ،سال رواں میں 30ہزار کنکشن دیے گئے

بدھ 20 ستمبر 2017 23:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ راولپنڈی ریجن کے جنرل منیجر محمد ظہور (بی ایس سی ، ایم ایس سی انجینئرنگ مکینیکل ) نے کہا ہے کہ راولپنڈی ریجن کے شہریوں کو سوئی گیس کی نعمت بہم پہنچانے اور صارفین کی سہولت کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کے تحت کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ باقی پر زوروشور سے کام جاری ہے ۔

ایک خصوصی ملاقات میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران 30ہزار کے لگ بھگ نئے کنکشن دیے گئے جبکہ 37ہزار کے لگ بھگ ڈیمانڈ نوٹس جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت اور گیس کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے لو پریشر پائپ لائنز بچھائی گئی ہیں جس کی بدولت صارفین کو اب تسلسل کے ساتھ گیس کی فراہمی میں کسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

صارفین کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے اور اب درخواست گزاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام مراحل بیک وقت طے کرنے کی سہولت میسر آگئی ہے ۔ کسٹمرز سروس کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے ۔ اس طرح اب صارفین کو اپنے جملہ معاملات کے سلسلے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سواں سے سگنل ملٹری کالج تک ساڑھے پانچ کلومیٹر کی دس انچ قطر والی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے گیس کی تسلسل کے ساتھ بلا روک ٹوک بہتر پریشر کیساتھ فراہمی ممکن ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے گیس کی سپلائی میں کافی بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ کم دبائو پر قابو پانے کیلئے آپریشنل لائنز بچھائی گئی ہیں ۔ چار انچ قطر کی قریباً78آپریشن لائنز بچھائی جا چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین گیس کی 38ہزار شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے ۔ عوامی آگاہی کیلئے مہم چلائی جا رہی ہے جس کے تحت صارفین کو ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینے اور گیس بل کو مناسب حد تک رکھنے کے لئے متعدد ترغیبات دی جا رہی ہیں ۔

عوام کسی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں ایمر جنسی پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی طرف سے کی جانے والی شکایات کے ازالے کیلئے فیڈ بیک سسٹم رائج کیا گیا ہے ۔ صارفین گیس کی شکایات کا کم از کم ایک گھنٹے یا زیادہ سے زیادہ آٹھ گھنٹوں میں ازالہ کردیا جاتا ہے ۔ صارفین کے رابطہ نمبروں کے ذریعے رابطہ قائم کر کے ان کی شکایات کے ازالے کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔

محمد ظہور نے کہا کہ صارفین کو موسم سرما میں گیس کے دبائو میں کمی یا گیس فراہم نہ ہونے کی شکایات کے ازالے کے لئے کئے گئے اقدامات کی بدولت اب موسم سرما میں ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائے گی جبکہ گیس پائپ لائن کے آخری سرے والے صارفین کو سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی فراہمی کی وجہ سے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے جس پر قابو پانے کیلئے محکمہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے صارفین پر زوردیا کہ وہ اپنے بہتر مفا دمیں گیس کے استعمال میں حتی الوسع کفایت شعاری سے کام لیں اور بلا وجہ اور ضرورت گیس کے استعمال سے اجتناب کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :