وزیر اعظم اقوام متحدہ میں کلبھوشن نیٹ ورک اور بلوچستان میں غیر ملکی مداخلت پر بات کریں: خرم نواز گنڈا پور

وزیر اعظم نااہل نواز شریف کی بجائے اپنے ضمیر سے راہنمائی لیں،گھر ٹھیک کرنے کے بیانات قابل مذمت ہیں، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

بدھ 20 ستمبر 2017 23:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ اس وقت مسئلہ نمبر 1پاکستان کا عالمی تشخص ہے۔جسے دہشتگردی کی پشت پناہی کے الزامات کے ساتھ داغدار کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں بتائیں ہم دہشتگردی کا شکار ہیں اور اس جنگ میں 73ہزار سے زائد جانی اور 123ارب ڈالرز سے زائد مالی نقصان برداشت کرچکے ہیں۔

وزیر اعظم کو اقوام متحدہ میں کلبھوشن نیٹ ورک، بلوچستان میں عالمی مداخلت، کشمیر، فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہوانے والے مظالم پر کھل کر بات کرنی چاہیے۔وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ قوم وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے گھر ٹھیک کرنے والے بیانات پر شدید غم و غصہ میں ہے۔

(جاری ہے)

دونوں راہنما اپنا سیاسی گھر اور قبلہ درست کریں اور قومی اداروں کے خلاف سازشیں بند کردیں۔ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ احمقانہ بیانات دینے کی بجائے حقائق کا ادراک کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس وقت نواز لیگ کی حکومت کا مسئلہ نمبر ایک نااہل شخص کو سزا سے بچانے کی بجائے پاکستان کے مفاد کا تحفظ ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم پاکستان ایک نااہل شخص سے گائیڈ لائن لینے کی بجائے قوم اور اپنے ضمیر کی آواز سنیں اور ان پر پہلا حق پاکستان، دوسرا اس ملک کے عوام کا ہے۔شاہد خاقان عباسی ایسے شخص سے راہنمائی نہ لیںجو اپنی عزت کا خیال رکھ سکا اور نہ اسے بچا سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے فیصلہ محفوظ ہے ہم فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم نے انصاف کے لیے 3سال قانونی جدوجہد کی، ان شاء اللہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف ملے گا اور قاتلوں کے چہروں سے نقاب اترے گا۔