Live Updates

عمران خان کو غیر اخلاقی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے،سید یوسف رضا گیلانی

سیاست میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، سابق وزیراعظم

بدھ 20 ستمبر 2017 23:26

عمران خان کو غیر اخلاقی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے،سید یوسف رضا گیلانی
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان کو غیر اخلاقی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جلسوں میں محتاط زبان استعمال کرنی چاہیے،سیاست میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سیاست میں وضع داری اور اخلاقی قدروں کا احترام کرتے ہوئے اچھی اور مہذب زبان استعمال کرنی چاہیے ۔

ملتان میں سابق ایم این اے اسد مرتضی گیلانی کی برسی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج اگر وہ یہ زبان استعمال کر رہے ہیں تو کل کو کوئی ان کے خلاف ایسی زبان استعمال کرے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ این اے 120 کے نتائج پر پیپلز پارٹی نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو شکست کے اسباب کا جائزہ لے گی اور اتنے کم ووٹ لینے کے وجوہات تلاش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئندہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نیب زدہ ہیں نیب زادے نہیں،ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے اور اداروں کا احترام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نیب متاثرہ ہیںلیکن اداروں کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو بھی اداروں کا احترام کرنا چاہیے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ کامیاب ہو گا اور وہ جلد جنوبی پنجاب میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ چنیوٹ ،فتح جھنگ میں پیپلز پارٹی نے بڑے جلسے کیے ہیں ۔انہوں نے نبیل گبول کی میڈیاکے نمائندوں سے بدتمیزی کے سوال پر کہا کہ میڈیا بھی سب سے بڑا ادارہ ہے ،ہم اسکا احترام کرتے ہیں ،کالے قوانین اور ایسے واقعات کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات