محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری وقیام امن کا فروغ اولین ترجیح ہے،

پرامن ماحول میں رخنہ ڈالنے والوں کو سختی سے کچل دیا جائیگا، ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال تمام مسالک کے مشترکہ امن جرگے سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2017 22:49

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری اور قیام امن کا فروغ اولین ترجیح ہے،پرامن ماحول میں رخنہ ڈالنے والوں کو سختی سے کچل دیا جائے گا،محرم الحرام کے تقدس کا احترام تمام مسلمانوں کیلئے یکساں ہیاور اسکے احترام پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے،ملک دشمنوں کے آلہ کار شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو باہمی اتحاد سے ناکام بنا ئیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میںعوام نے فورسز کے شانہ بشانہ قربانیاں دی ہیں اور بے پناہ قربانیوں کے بدولت یہ جنگ جیتا گیا ہے ۔

مذہبی منافرت پھلا کرانتشار پیدا کرنے والے عناصر سے ہم سب ہوشیار رہیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ امن عمل میں بگاڑ پیدا ہو۔

(جاری ہے)

وہ بروز بدھ پولیس کلب کوہاٹ میں منعقدہ جملہ مسالک کے مشترکہ امن جرگے سے خطاب کر ہے تھے۔ ۔ڈی پی او نے جرگے کے شرکاء کو محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات سے آگا کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے اورضلع بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جسکا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت بنائے گئے لائوڈ سپیکرایکٹ پر عملدرآمدکو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا لہٰذا لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔جن علماء اور ذاکرین کی ضلع میں داخلے یا شہرسے باہر جانے پر پابندی عائد کی گئی وہ حکومت کے فیصلے کی پاسداری یقینی بنائیں بصورت دیگر انکے نقل وحرکت میں کوئی بھی خلاف ورزی پائی گئی تو انکے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظرمجالس اور جلوسوں کی ضابطہ اخلاق اور مقررہ اوقات کی پابندی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مذہبی رسومات کی ادائیگی میں نئے روایات کی بنیاد ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی پی او نے جملہ مسالک کے پیروکاروں پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ مجالس اورجلوسوں کے دوران اپنے بیانات میں اعتدال پیدا کرکے مذہبی منافرت پھیلانے والے شرانگیز تقاریرسے گریز کریں تاکہ کسی کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچنے پائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کرنا ہوگا تاکہ ملک دشمنوں کے آلہ کار شرپسندعناصر کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے گھسنے کا موقع نہ ملے ۔مشترکہ جرگے سے امیر اہلسنت ولجماعت مولانا رحم دین،ضلعی صدر اہلسنت والجماعت منصور پراچہ، متولیسید حبیب امام بارگاہ سید محرم علی شاہ،کوہاٹ قومی تحریک کے چئیرمین امیر خان آفریدی،سابق ناظم استرزئی افتخار حسین ،میاں شاہ رضا،امجد علی شاہ،رسالدار اسلم خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے امن وامان کے قیام میں پولیس انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرعبدالرشید،ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ،ڈی ایس پی سٹی رضا محمد،ایس ایچ او سٹی فیاض خان،ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین،سابق ضلع ناظم سیٹھ گوہر سیف اللہ خان بنگش،تاجر ایکشن کمیٹی کے صدر عابد پراچہ،اسرار شنواری اور دیگر عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :