ڈی جی سندھ رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس کی گورنر سندھ سے ملاقات

محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کے انتظامات کا جائزہ ، اہمیت کے حامل دیگر امو ر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا

بدھ 20 ستمبر 2017 22:48

ڈی جی سندھ رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس کی گورنر سندھ سے ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل محمد سعید اور انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری آپریشن ، امن و امان کی صورتحال ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ اور اہمیت کے حامل دیگر امو ر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبہ با الخصوص شہر میں ہر قسم کے جرائم کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنانے اور جاری انٹیلی بیسڈ آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا ، امن و امان کے قیام میں فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیں جسے کسی بھی صورت میںرائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے جہاں پر ہونے والی ہر سرگرمی کا اثر پورے ملک پر ہو تا ہے، جرائم سے پاک کرنے کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھرپور اسنیپ چیکنگ اور چیک پوسٹیں قائم کرکے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستقل طور پر جرائم کی بیخ کنی ممکن ہو سکے ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دیں ہے جسے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ ملاقات میں ڈی جی سندھ رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس نے گورنر سندھ کو جاری آپریشن اور محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ، محرم الحرام میں نگہبان کیمروں کی مدد سے فول پروف سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔