Live Updates

عمران خان شکست خوردہ ٹولہ بن چکا ہے اور جلد سیاست سے بھی آئوٹ ہوجائیگا، نثار کھوڑو

بدھ 20 ستمبر 2017 22:46

عمران خان شکست خوردہ ٹولہ بن چکا ہے اور جلد سیاست سے بھی آئوٹ ہوجائیگا، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان شکست خوردہ ٹولہ بن چکا ہے اور جلد سیاست سے بھی آئوٹ ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وقار مہدی، راشد ربانی، نبیل گبول سمیت دیگر موجود تھے۔

نثار کھوڑو نے کہا کے عمران خان کا حیدرآباد جلسہ ناکام شو رہا اور ان کے جلسے میں سات ہزار کرسیوں میں سے بھی آدھی کرسیاں خالی رہیں اور عارف علوی جلسے میں عوام کی بڑی تعداد ہونے کے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں کیوں کے پی ٹی آئی کا یہ وطیرہ رہا ہے کے وہ پانچ ہزار لوگوں کو پانچ لاکھ لوگ گنواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کے اگر پی ٹی آئی کے حیدرآباد جلسے میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت نہیں کی اور کرسیاں خالی تھیں تو اس میں پیپلز پارٹی کا کیا قصور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان حیدرآباد جلسے میں کم لوگ دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار بن چکا ہے اور مسلسل ناکامی عمران خان کا مقدر بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں ناکامی کے بعد عمران خان نے سندھ کا رخ کیا ہے مگر سندھ سے انہیں ووٹ نہیں رخصتی اور الوداعی پارٹی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دائیں اور بائیں نظر گھمائیں تو ان کے ساتھ سندھ دشمن اور آمروں کے پجاری ہیں جن کے بلبوتے پر وہ سندھ کو فتح نہیں کرسکتے کیوں کہ سندھ کی عوام اب عمران خان کو بھگا دینگے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ دوسروں پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے والے عمران خان کے اپنے صوبے کے وزیراعلی پر کرپشن کے الزامات ہیں اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے سے قبل عمران خان اپنے والد نیازی کے متعلق عوام کو بتائیں کے وہ کیا تھے۔ انہوں نے کہا کے پیپلز پارٹی کسی کی سیٹی کے انتظار میں نہیں ہوتی، پیپلز پارٹی نے تو ملک میں آئین کو اصل شکل میں بحال کرایا اور جمہوریت کو مضبوط کیا۔اس موقع پر کوئٹہ پشین ضلع کونسل کے رکن ،جے یو آئی کے رہنما کراچی ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر مضان کاکڑ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :