آصف زرداری سے کے پی کے سے سابق رکن قومی اسمبلی ارباب سعداللہ کی ملاقات،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

بدھ 20 ستمبر 2017 22:23

آصف زرداری سے کے پی کے سے سابق رکن قومی اسمبلی ارباب سعداللہ  کی ملاقات،پیپلزپارٹی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے زرداری ہائوس اسلام آباد میں کے پی کے حلقہ NA-5 سے سابق رکن قومی اسمبلی ارباب سعداللہ خان نے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، سینیٹر سردار علی خان، ارباب عالمگیر، عثمان عالمگیر، اخونزادہ چٹان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارباب سعداللہ خان جو ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے چیئرمین بھی رہے ہیں نے کہا کہ کے پی کے عوام پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کی قربانیوں، جدوجہد اور صوبے کی خدمت کی قدر کرتی ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے شدت پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ آصف علی زرداری نے ارباب سعداللہ خان کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں تاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے پی سمیت وفاق اور پورے ملک میں انتخابات جیت کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو۔