سرگودھایونیورسٹی کی تعلیمی میدان میں ایک اورتاریخی کامیابی

ایچ ای سی نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے تحت قائم کردہ سرکاری دو کیمپسز میانوالی اور بھکر کو باقاعدہ این او سی جاری کر دیے، طلبہ و طالبات اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

بدھ 20 ستمبر 2017 21:51

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعلیمی میدان میں ایک اہم اور تاریخی کامیابی ۔ ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے تحت قائم کردہ سرکاری دو کیمپسز میانوالی اور بھکر کو باقاعدہ این او سی جاری کر دیے ہیں۔ طلبہ و طالبات اور ان کے والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔تعلیمی اور انتظامی حوالے سے میانوالی اور بھکر کیمپس میں معاملات التوا کا شکار تھے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی طرف سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا کو ڈائریکٹر جنرل ایکریڈیٹشن اینڈ اٹیسٹیشن کی طرف سے باقاعدہ مراسلہ بھیجا گیا۔ اورہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی ٹیم نے مورخہ 18اگست 2017ء کو میانوالی کیمپس اور 19اگست 2017ء کو بھکر کیمپس کا دورہ کیا اور زیر التواء معاملات کو نمٹانے کے لیے کیمپس اور یونیورسٹی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جنہیں فوری طور پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد کی سرپرستی اور رہنمائی میں یونیورسٹی انتظامیہ نے نمٹایا جن میں نئے اساتذہ کی بھرتی ، لیبارٹریوں کے معیار کو ایچ ای سی کی ہدایت کے مطابق بنانا اور کوالٹی معاملات تھے ۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے فیکلٹی کی تعیناتی کے لیے سلیکشن بورڈز منعقد کروائے اور کوالٹی کو مزید بہتر کیا۔

اس طرح ان اہم معاملات کو مکمل کرنے اور ہر حوالے سے معیار کو بہتر کرنے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے اپنے مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کیمپسز کو این او سی جاری کر دیے اور باقاعدہ طور پر انھیں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مکمل موزوں قرار دیا۔ اس شاندار کامیابی پر اعلیٰ تعلیمی، سیاسی، سماجی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وائس چانسلرڈاکٹر اشتیاق احمد نے اس سنگ میل کے حصول پردونوں کیمپسز کے ڈائریکٹرز کو مباک باد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا تعداد کی بجائے کوالٹی پر فوکس ہے جس کی بناء پر ہمارے یہ دونوںسب کیمپس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے باقاعدہ منظور کیے ۔ واضح رہے اس وقت یونیورسٹی کے بھکر کیمپس میں 3201طالب علم زیر تعلیم ہیں 49اساتذہ جن میں 12پی ایچ ڈی ہیں اور کل شعبہ جات 9ہیں۔

جب کہ میانوالی کیمپس میں 3487طلبہ زیر تعلیم ہیں 46اساتذہ جن میں 12پی ایچ ڈی اور کل شعبہ جات 9ہیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے اس بات کا تہیہ کیا ہے کہ دونوں سب کیمپسز تعلیمی اور تحقیقی سہولیات پر وہاں جاری کیے گیے پروگراموں کی مکمل نگرانی کی جائے گی اور انفراسٹرکچر اور فیکلٹی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :