سکول میں بچی کی وفات،بےبنیاد خبرنشرکرنے پرٹی وی چینل کیخلاف قانونی کاروائی کااعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 20 ستمبر 2017 20:09

سکول میں بچی کی وفات،بےبنیاد خبرنشرکرنے پرٹی وی چینل کیخلاف قانونی ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20ستمبر2017ء ) : صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ضلع جھنگ کے علاقہ شاہ جیونہ کے ایک نجی تعلیمی ادارے سٹی ماڈل چلڈرن سکول کی کلاس دوئم کی چھ سالہ طالبہ مصباح بتول ولد محمد صدیق کی سکول ٹیچر نازیہ بی بی کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہونے کی خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافیہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بے بنیاد خبر سے عالمی میڈیا پر بھی سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا منفی تاثر گیا ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر فوری اس خبر کی انکوائری کی گئی جس پریہ بات سامنے آئی کہ متوفیہ کو برین ٹیومر تھااور اس بچی کا سی ٹی سکین 26جولائی2017ء کو ہوا۔یہ بات انہوں نے آج یہاں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس کے کمیٹی روم میں مصباح بتول کی سکول ٹیچر نازیہ بی بی کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہونے کی بے بنیاد خبر کے نشر ہونے کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہی۔

(جاری ہے)

رانا مشہود نے بتایا کہ حقائق کے مطابق 26جولائی2017ء کو متوفیہ مصباح بتول کا سی ٹی سکین کروایا گیا جس میں بچی کو برین ٹیومر تشخیص ہوا۔اس پر بچی کے مزید ٹیسٹ ہوئے اور پھر بچی کاآپریشن 18ستمبر2017ء کو ہوا۔ انفیکشن پھیل جانے کی وجہ سے بچی جانبر نہ ہو سکی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جس نجی چینل نے اس خبر کو بریک کیا تھا، ہم آج اس کے خلاف پیمرا میں درخواست دے رہے ہیں ۔

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے بھی کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق جھوٹی خبر پرجو کارروائی بنتی ہے وہ کی جائے ۔آپ پوری دنیا کو یہ خبر دے رہے ہیں کہ پاکستان کے سکولوں میں بچے تشدد سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جھوٹی اور بے بنیاد خبررپورٹ کرنے پر کارروائی کریں گے۔جس نجی چینل پر یہ خبر چلی تھی ہم اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔

جس ذہنی اذیت سے یہ سکول،اس کا سٹاف اور خصوصاََ متعلقہ ٹیچرنازیہ بی بی گزری ہیں،ایسی صورتحال میں حکومت کافرض ہے کہ اصل حقیقت عوام کے سامنے لائے کیونکہ اس طرح کی بے بنیاد خبروں سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے منفی تاثر پیداہوتا ہے۔    انہوں نے مزید کہا کہ فیسوں میں ناجائزاضافہ کرنے والے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خلاف ورزی کرنے والے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف 20لاکھ روپے روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک، چیئرمین پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ لیفٹینٹ جنرل(ر)محمد اکرم، اے ڈی سی جی جھنگ سجاد احمد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :