سوئٹزر لینڈ بالخصوص گوری چمڑی ایشیا میں دہشت گردی بر آمد کر رہی ہے ، دفتر خارجہ سوئٹرز لینڈ کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدری کا حکم دے ، سوئس حکومت کے پاکستان مخالف اقدامات ناقابل قبول ہیں،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے ایوان بالا میں ریمارکس

جنیوا میں کالعدم بی ایل اے کی طرف سے پاکستان کے خلاف پوسٹرز لگانے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، پاکستان نے سوئس حکومت کے ساتھ اپنے خدشات اٹھائے ہیں، سوئس سفیر کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کا جواب

بدھ 20 ستمبر 2017 21:58

سوئٹزر لینڈ بالخصوص گوری چمڑی ایشیا میں دہشت گردی بر آمد کر رہی ہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے جنیوا میں کالعدم دہشتگرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کی طرف سے پاکستان کے خلاف پوسٹرز لگانے کے معاملے پر کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ بالخصوص گوری چمڑی ایشیا میں دہشت گردی ایکسپورٹ کر رہی ہے ، دفتر خارجہ سوئٹرز لینڈ کے سفیر کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا کہے، سوئس حکومت کے پاکستان مخالف اقدامات ناقابل قبول ہیں جبکہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا ہے کہ جنیوا میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کی طرف سے پاکستان کے خلاف پوسٹرز لگانے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، پاکستان نے سوئس حکومت کے ساتھ اپنے خدشات اٹھائے ہیں، سوئس سفیر کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے ۔

بدھ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرزاہد حامد نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ کی سرزمین کا دہشت گردوں کی طرف سے پاکستان کے خلاف استعمال ہونا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کو پاکستان، برطانیہ اور دیگر ممالک میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا چکا ہے۔ آزادی اظہار کے نام پر سوئس حکومت کی طرف سے پوسٹر لگانے کی اجازت دینا پاکستان کی علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اس مہم کے لئے بھاری رقم خرچ کی گئی اور بظاہر بھارت اس مہم کے پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سوئس حکومت کے ساتھ اپنے سنگین خدشات کا معاملہ اٹھایا ہے اور سوئس سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور انہیں ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں سوئٹزرلینڈ میں مستقل نمائندے کو بھی اس حوالے سے ایک خط تحریر کیا گیا ہے۔

بعد ازاں چئیرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ کی حکومت پاکستان میں دہشت گردی ایکسپورٹ کر رہی ہے ، سوئٹزر لینڈ کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے ، ہمیں کہا جا رہا ہے کہ ہم دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ گوری چمڑی ایشیا میں دہشت گردی ایکسپورٹ کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ سوئس حکومت اپنے ہی موقف کی خلاف ورزی کر رہی ہے ، دفتر خارجہ سوئس حکومت سے متعلق سنجیدہ اقدامات اٹھائے اور سوئٹزر لینڈ کے سفیر کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا کہا جائے ۔