اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ایچ ای سی کے 15 سال مکمل ہونے ، پاکستان کی 70ویں سالگرہ پر تقریب کا انعقاد

بدھ 20 ستمبر 2017 22:11

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کامیاب15برس کی تکمیل اور پاکستان کی70ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بھرپور تخلیقی میلے کا اہتمام کیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی نے مثبت اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل طلبا و طالبات کو ہمیشہ عملی اور مالی معاونت عطا کر کے ان کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی بلکہ ہر اعتبار سے انہیں راہنمائی اور موافق فضا بھی فراہم کی۔

ان خیالات کا اظہار ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر اصغر ہاشمی نے طلبا و طالبات کی بنائی گئی دستاویزی فلموں، فوٹو البم، انٹرایکٹو تھیٹر ، لوک موسیقی اور پینٹنگزکی اختتامی نمائش کے موقع پر کیا۔ پانچ شعبوں میں اس نمائش کااہتمام سٹیزن جرنلزم سوسائٹی، فوٹو گرافی سوسائٹی ، ویژیول آرٹس اور میوزک سوسائٹی کے طلبا و طالبات نے کیا۔

(جاری ہے)

یہ نمائش اور سکریننگ سائنس آڈیٹوریم بغداد الجدید کیمپس میں تین روز تک جاری رہی جس میں یونیورسٹی کے طلبا و طالبات ، اساتذہ، انتظامیہ کے علاوہ شہر بھر سے سماجی، علمی، ادبی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔پہلے روز سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ بہاول پور رانا عمران ارشد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور کہا کہ سٹوڈنٹس کا کام دیدنی ہے اور ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ بہت سنجیدہ اور عمدہ کام ہماری یونیورسٹی میں بڑی خاموشی سے ہورہا ہے۔

پرنسپل سی ایم ایچ میڈیکل کالج بہاول پور ڈاکٹر تنویر خان شیروانی نے کہا کہ میں بہاول پور کی سطح پر اتنا عمدہ تخلیقی کام پہلے کہیں نہ دیکھا تھا ۔ انہوں نے منتظمین طلبا اور ان کے والدین کی قربانیوں کو سراہا۔ ناصر حمید ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نے کہا کہ صحرا اپنی وسعت کے اعتبار سے مشہور ہوتا ہے جبکہ یہ کام کرانے والے تمام ماہرین صحرا کی مانند کھلا دل اور دماغ رکھتے ہیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا فریضہ انجام دے کر قومی فریضہ کی ادائیگی کررہے ہیں۔

شاعر دانشور عمران راؤ ، شازیہ شوکت رانا، کونسلر ضلع کونسل حاجی سلیم رانا، راؤ انیس الرحمن چیف ایگزیکٹو انیس اینڈ کو، رانا شفیق الرحمن، یعقوب خان، اعظم ملک، پروفیسر مسعود ندیم چیئرمین شعبہ نفسیات، ڈاکٹر حافظ احمد علی،ریسرچ سکالر آسیہ عزیز ملک، سابقہ کونسلر رفیعہ ملک، سلیم شہزاد، غلام ربانی اور دیگر نے اس کام کو بہت سراہا۔انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر میمونہ غنی،عبدالخالق قریشی، وسیم قریشی، ڈاکٹر محمد شہزاد فوکل پرسن اور محمد وسیم ڈائریکٹر انٹرایکٹوریسورس سنٹر اور ان کی تمام ٹیم کو بہت سراہا۔

طلبا و طالبات نے ان تین روزہ تقاریب کو یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک تادیر یاد رہنے والا فیسٹیول سے تعبیر کیا۔ یاد رہے کہ 300سے زائد طلبا و طالبات نے پانچ شعبوں میں تربیت حاصل کرکے جو آخری پراڈکٹ تیار کی یہ ان کی رونمائی تھی۔

متعلقہ عنوان :