وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام

بدھ 20 ستمبر 2017 20:33

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اوراہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے اور آج کے دن ہمیں قیام امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو خراج عقیدت بھی پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن، پیار اور محبت کی فضا قائم کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔

دنیا کا ہر انسان کائنات میں امن وسکون کی فضا کی خواہش رکھتا ہے اور انسانوں میں امن کی خواہش فطری عمل ہے لیکن ناانصافی، جہالت، محرومی،جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔امن صرف خواہشوں سے قائم نہیں ہوتا بلکہ امن کے قیام کیلئے جنگ کے ہر سبب کا خاتمہ کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن اور ہم آہنگی کے قیام کی کوششوں میں پاکستان ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے موثر پالیسی پر گامزن ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ملک بھرمیں موثر اقدامات کیے گئے ہیں اور حکومت کی مخلصانہ کاوشوں اور موثر پالیسیوں کے باعث پاکستانی قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا ہے۔پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کرچکی ہے۔

پاکستان کے عوام، افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ وطن عزیز سے اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کا جلد مکمل خاتمہ کریں گے۔ حکومت پنجاب نے انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزائوں کو سخت کیاہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کی جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا اعزاز پنجاب حکومت کو ملا ہے۔ انسداددہشت گردی فورس صوبے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے اورحکومت کی مخلصانہ کوششوں سے آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن ہے۔

متعلقہ عنوان :