مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے،خرم دستگیر

سی پیک سے تمام ممالک اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر استفادہ حاصل کرسکتے ہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری بھارتی دہشتگردی کا بڑا ثبوت ہے،سیمینار سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2017 18:59

مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے،خرم دستگیر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے ، اگر مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو بہتری کی طرف بڑھ سکتے ہیں ، بھارت کو خطے کے امن کا مکمل ضامن کہنا بالکل غلط ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار خرم دستگیر نے اایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ خطے میں اختلافات اقتصادی ترقی کو سست کردیتے ہیں سی پیک سے تمام ممالک اختلافات کو بلائے طاق رکھ کر استفادہ حاصل کرسکتے ہیں جس سے امن و استحکام سے علاقائی تجارت کو فروغ اور اقتصادی ترقی بھی ممکن ہوسکتی ہے خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت پاک بھارت کشیدگی ترقی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے لیکن مسئلہ کشمیر کو حل کرکے ترقی کی طرف بڑھا جاسکتا ہے بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ بھی نہتے کشمیریوں پر ظلم بند کرکے مذاکرات کی میز پر آئے اور نہتے کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کو دہشتگردی کا رنگ نہ دیاجائے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی پالیسی نے پاکستان کیلئے مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور ماضی 2008ء میں امریکہ اور بھارت کا معاہدہ پاکستان کیلئے خطرات کا آغاز تھا لیکن حقیقت میں امریکہ کی پالیسی کو کئی ممالک نے قبول نہیں کیا ہے جس میں بھارت کو امن کا ضامن قرار دیا گیا ہے حالانکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری بھارتی دہشتگردی کا بڑا ثبوت ہے ۔