پی ایچ ڈی ہولڈرز ماہر پروفیسر ز کی تدریسی شعبے میں خدمات ہم سب کے لئے باعث فخر ہے،بریگیڈیئر(ر)انجینئر محمدامین

ادارہ سے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل انجینئرز کی بہت بڑی کھیپ تیار ہو کر ملک و قوم کے لئے اپنی خدمات پیش کررہی ہیں ،وائس چانسلر

بدھ 20 ستمبر 2017 18:15

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر بریگیڈیئر(ر)انجینئر محمدامین نے کہاہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق خضدار یونیورسٹی کو ترقی دی جارہی ہے ،پی ایچ ڈی ہولڈرز ماہر پروفیسر ز نے جس طرح تدریسی شعبے میں اپنی خدمات پیش کرکے طلباء کے استعداد کار و صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے وہ ہم سب کے لئے باعث فخر ہے ۔

بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار ایک نامور جامعہ بن چکی ہے ،ادارہ سے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل انجینئرز کی بہت بڑی کھیپ تیار ہو کر ملک و قوم کے لئے اپنی خدمات پیش کررہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے پی ایچ ڈی ہولڈرز اساتذہ فیکلٹی ممبرزکی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر ظہوراحمد بلوچ ،ڈین فیکلٹی پروفیسر مشتاق احمد شاہ ، چیئرمین سول ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر صلاح الدین ، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹیڈیز ڈاکٹر شبر نقوی ،ڈاکٹر وسیم اورک،ڈاکٹر فیض اللہ مہر و دیگر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے تعلیمی معاملات زیر بحث آئے۔معزز فیکلٹی ارکان نے روزانہ تعلیمی سرگرمیوں، وشیڈول،و منصوبوں سے وائس چانسلر کو آگاہ کیا۔وائس چانسلر انجینئر محمد امین نے فیکلٹی ممبرز کی کوششوں اور کاوشوں کی تعریف کی اور پرو وائس چانسلر کی جانب سے پیش کردہ تعلیمی منصوبوں پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر محمدامین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مذید کہاکہ بین الاقوامی اصول و قوائد کے مطابق یونیورسٹی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہم سب مل کر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔

یہ کسی بھی اعزاز سے کم نہیں ہے کہ خضدار جامعہ کو پی ایچ ڈی کی اعلیٰ ڈگری کے اساتذہ کی خدمات حاصل ہیں اوروہ بین الاقوامی معیار کے مطابق یہاں کے اسٹوڈنٹس کو تعلیم دیکر انہیںاعلیٰ صلاحیتوں کے مالک انجینئرز بنا رہے ہیں ۔خضدار یونیورسٹی تمام شعبوں میں مذید ترقی کررہی ہے میری کوشش ہے کہ میں اپنے ہر لمحے کو خضدار جامعہ کی تعمیر و ترقی کے لئے صرف کر کے جامعہ ہذا کو زیادہ سے فائدہ پہنچا سکوں اب تک میری جتنی بھی کوششیں ہیں اس کا مثبت نتیجہ نکل آیا ہے اور یونیورسٹی میں پچھلے چند عرصہ کے دوران کافی حد تک تعلیمی اور تعمیراتی منصوبے بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں انشاء اللہ یہ ترقی کا سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رہیگا ۔

پرووائس چانسلر انجینئر ظہوراحمد بلوچ نے کہا ہے کہ فیکلٹی ممبرز اپنی تمام توانائیاں یونیورسٹی میں نئی تخلیق کار اور تعلیمی سرگرمیوں پر صرف کرکے صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں ،خضدار یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کا مرکز و محور ہے ،جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لئے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل انجینئرز تیار کررہی ہے انہوںنے کہاکہ یونیورسٹی وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبرز کی اس مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں یونیورسٹی مذید ترقی کریگی اور معیار و میرٹ میں اعلیٰ نام کمائے گی ۔۔