انتہاء پسندی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کو خود مختار پالیسی اپنانی ہو گی‘ حافظ طاہر

محمود اشرفی گھر کی صفائی کامطلب یہ نہیں کہ عالمی قوتوں کو پاکستان میں مداخلت کرنے دی جائے ، قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل ہوتا تو آج دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ ہو گیا ہوتا‘ مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا ’’اتحاد امت کانفرنس ‘‘سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2017 18:13

انتہاء پسندی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کو خود مختار پالیسی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کو خود مختار پالیسی اپنانی ہو گی ، گھر کی صفائی کامطلب یہ نہیں ہے کہ عالمی قوتوں کو پاکستان میں مداخلت کرنے دی جائے ، قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل ہوتا تو آج دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ ہو گیا ہوتا۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی ’’اتحاد امت کانفرنس ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پرمولانا عبد الکریم ندیم، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا شہباز احمدنے بھی خطاب کیا، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بعض عالمی قوتیں پاکستان کو تنہاء کرنا چاہتی ہیں ، ہمیں عالمی اسلامی ایٹمی قوت ہونے کی سزا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پاکستانی قوم اور پاکستان کی فوج باہمی اتحاد سے پاکستان دشمن طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنائے گی ، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم نے کہا کہ انتہاء پسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے پاکستان علماء کونسل جدوجہد کر رہی ہے ، محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے پاکستان علماء کونسل کا ضابطہ اخلاق مشعل راہ ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں جس طرح تمام مکاتب فکر کا کردار تھا اسی طرح تمام مکاتب فکر پاکستان بچانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے، پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے صدر مولانا عبد الحمید صابری نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے قومی مصالحتی کونسل کے تحت ملک بھر میں تمام مکاتب فکر پر مشتمل امن کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یکم محرم الحرام سے 10 محرم الحرام تک عشرہ فاروق ؓ و حسین ؓ ، عشرہ امن و سلامتی کے طور پر منایا جائے گا، پاکستان علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر مولانا نعمان حاشر نے کہا کہ سی پیک کے خلاف سر گرم عمل قوتیں پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد چاہتی ہیں ، خوشی کی بات ہے کہ سعودی عرب سمیت بہت سارے ممالک سی پیک کے منصوبے میں شریک ہونا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ قوم وزیر اعظم پاکستان سے امید رکھتی ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کا بھی ذکر کریں گے اور کشمیری ، فلسطینی اور برما کے مسلمانوں کی بھی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہوئے ان کے حقوق کی پاسداری کیلئے عالمی قوتوں کو متوجہ کریں گے ۔

کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے ملک کی سیاسی و مذہبی قوتوں اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک کے سلامتی کے اداروں ، پاک فوج اور عدلیہ کے حوالے سے بیان بازی کرتے ہوئے احتیاط کریں۔ ملک کے مقتدر اداروں میں اگر کوئی خامیاں موجود ہیں تو ان کو درست کرنے کا مرکز ذرائع ابلاغ نہیں مشاورت اور آئین پاکستان کے مطابق اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :