اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، بیرسٹر امجد ملک

مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدمات کرتے رہیں گے، چیئرمین اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن بورڈ آف گورنرز بیرسٹر امجد ملک نے پاکستانی کمیونٹی سے بھی مسائل جانے اور فوری حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ،ْ جہانگیر منہاس

بدھ 20 ستمبر 2017 18:13

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء)اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا حل انکی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدمات کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز پاکستانی ایڈوائزری کونسل کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں بطور میزبان خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ان کے یورپ اور مڈل ایسٹ کے مختلف ممالک کے دورے اسی کاوش کا نتیجہ تھے اور انہوں نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل جاننے کے بعد ان کے حل کیلئے سفارشات فوری طور پر مرتب کر کے وفاقی حکومت کو بھجوائیں۔ اوورسیز بورڈ آف گورنرز کے بورڈ آف گورنز کے ممبر جہانگیر منہاس نے کہاکہ بیرسٹر امجد ملک کو بطور چیئر مین بورڈ آف گورنرز منتخب کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے انہوں نے قلیل مدت میں یورپ اور مڈل ایسٹ کے مختلف ممالک کے نہ صرف دورے کئے بلکہ وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی سے بھی ان کے مسائل جانے اور ان کے فوری حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بیرسٹر امجد ملک بطور چیئرمین اورسیز بورڈ آف گورنرز کے ہر اجلاس میں شرکت کرتے ہیں اور ان کی کاوشوں نے اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔ قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر عامر آفتاب قریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی کیلئے بڑے فخر کی بات ہے کہ راچڈیل سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر امجد ملک وہ واحد اوورسز پاکستانی ہیں جنہیں وفاقی وزراء کے بعد بطور چیئرمین بورڈ آف گورنرز منتخب کیا گیا ۔

تقریب میں راچڈیل سے ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ، بولٹن سے ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر یاسمین قریشی، میئر آف راچڈیل کونسلر آئین ڈکورتھ، میئر آف اولڈھم کونسلر شاداب آفتاب کمیونٹی ویلفیئر کونسلر مسز فزاء نیازی کے علاوہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے تمام ممبران اوورسیز ایڈوائزری کونسل کے علاوہ ممتاز کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں تمام ممبران ایڈوائزری کونسل کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔