Live Updates

میری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں کرپشن کے خلاف ہے،عمران خان

اب تک ہماری نظر کرپشن کے گاڈ فادر نوازشریف پر تھی، کوئی بھی انصاف کا نظام ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا، آصف زردری اور نوازشریف ملک کو یہاں پہنچانے کے ذمہ دار ہیں،چیئرمین تحریک انصاف کی کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت

بدھ 20 ستمبر 2017 17:51

میری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں کرپشن کے خلاف ہے،عمران خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب تک ہماری نظر کرپشن کے گاڈ فادر نوازشریف پر تھی، کوئی بھی انصاف کا نظام ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، ان لوگوں نے ہر طرف رشوتیں دے کر اپنے کرپٹ لوگ بٹھائے ہیں جو ان کی کرپشن بچاتے ہیں، انہوں نے پیسہ بنانے کے لیے ملک کا نظام اور ادارے تباہ کردیئے۔

یہی وجہ ہے کہ اداروں میں باقی چوروں کو پکڑنے کی قابلیت نہیں رہی۔یہ باتیں انہوں نے دائودی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا مفدل سیف الدین سے ان کی رہائشگاہ برہانی محل میں ملاقات کے بعد اسلام آباد روانگی کے موقع پر کراچی ایئرپورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل، کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی ، علی زیدی ، خرم شیر زمان ، دوا خان صابر ،سیف الرحمان خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی عمرا ن خان نے مزید کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا، جب نوازشریف اور آصف زرداری کی پارٹنرشپ ہوئی تب ہر پاکستانی 33 ہزار کا مقروض تھا جو اب ایک لاکھ 20 ہزار تک مقروض ہوگیا ہے۔ ان لوگوں نے ملک کو مقروض کردیا اور ان کے بچے ارب پتی بن گئے۔ میری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں کرپشن کے خلاف ہے۔آصف زردری اور نوازشریف ملک کو یہاں پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، میری جنگ ان دونوں کے خلاف ہے۔

(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو چاہیے کہ وہ ان لوگوں کو اپنے سے دور کریں۔ ملک اب کرپشن برداشت نہیں کرسکتا، اب کوئی چیز چھپی نہیں رہے گی۔ہم پوری قوم اور خاص کر سندھ کے لوگوں کو تیار کریں گے کیونکہ جتنی کرپشن سندھ میں ہے، پاکستان کے کسی حصے میں نہیں۔سندھ میں ترقیاتی فنڈز چوری ہورہے ہیں، پونے چارسو ارب کے ترقیاتی فنڈز کہاں چلے گئے، آصف زرداری اور فریال تالپور کمیشن بنارہے ہیں۔

یہ لوگ اقامہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتے ہیں، دبئی میں اکاؤنٹ کھلوا کر پیسہ وہاں منتقل کرتے ہیں جس کی وجہ سے کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا ہے۔ اب ایک طرف قوم اور دوسری طرف کرپٹ ٹولہ ہے، ملک کو اگر اس دلدل سے نکالنا ہے تو نوازشریف اور آصف زرداری کو شکست دینا پڑے گی۔عمران خان نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے بعد پھر سندھ میں اگلا جلسہ کریں گے۔

پہلے پورا سندھ کور کریں گے اور پھر دسمبر میں کراچی میں مزار قائد پر بڑا جلسہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے انصاف ڈھونڈنا ہے تو عدلیہ کے علاوہ کس کے پاس جائیں گے، پہلے ہم سڑکوں پر جاتے تھے تو کہتے تھے عدلیہ میں آؤ، اب عدلیہ کے پاس گئے تو اب عدلیہ اور ججز پر الزام لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر مقدمہ کرایا گیا جس پر خوشی ہے، میری جنگ باہر محلات بنانے والوں کے خلاف ہے انہیں جیل میں ڈالیں گے۔

خورشید شاہ اور نواز شریف ایک ہی پیج پر ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت ملی ہوئی ہے، 9 سال سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں۔ نیب اور الیکشن کمیشن کا سربراہ بھی خود ہی لگا لیا اور نگراں حکومت بھی خود بنالیں گے، کوشش ہے کہ ایسا اپوزیشن لیڈر آئے جو ملک کے مسئلوں پر بات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی تاریخ میں کبھی نہیں سنا کہ الیکشن کمیشن توہین عدالت کی کارروائی کرتا ہے، مجھے میرا جرم بتایا جائے، مجھے پتا ہی نہیں کس بات پر وارنٹ جاری کردیئے۔

الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے اور توہین عدالت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔این اے 120 میں پیسے چل رہے تھے تب الیکشن کمیشن کو کچھ نظر نہیں آیا، سارے قوانین توڑے گئے کسی کو نوٹس نہیں ملا، یہ زرداری اور نوازشریف کا کمیشن ہے۔مریم صفدر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں، اب پتا چل گیا کون ڈان لیکس کے پیچھے تھا، کوئی ملک میں اپنی فورسز کو ایسے بدنام نہیں کرتا جیسے (ن) لیگ کررہی ہے، یہ لوگ اپنی چوری بچانے کے لیے عدلیہ اور فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں، ان سے زیادہ کوئی بڑا مجرم اور ملک دشمن نہیں۔

آرمی چیف بار بار کہہ رہے ہیں وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں، فوج اس سے بہتر اور کیا کرسکتی ہے۔یہ لوگ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں جو وہ نہیں بنی اس لیے فوج کے پیچھے پڑ گئے۔یہ لوگ اپنی ذات کے پیچھے ملک کو تباہ کررہے ہیں لیکن ہم ان کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب نوازشریف اور الطاف حسین دونوں لندن میں بیٹھ کر خطاب کریں گے اور فوج کو برا بھلا کہیں گے جب کہ دونوں کے دوست مودی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات