پہلی میٹرو ٹرین پاکستان پہنچ گئی ، کراچی سے لاہور روانہ ،اگلے ہفتے یہاں پہنچے گی‘خواجہ احمد حسان

خصوصی تقریب سات اکتوبر کو ڈیرہ گجراں میں ہوگی‘منصوبے کا 74فیصد تعمیراتی کام بھی مکمل کر لیا گیا ‘ چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی

بدھ 20 ستمبر 2017 17:29

پہلی میٹرو ٹرین پاکستان پہنچ گئی ، کراچی سے لاہور روانہ ،اگلے ہفتے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ پہلی اورنج لائن میٹروٹرین چین سے پاکستان پہنچ چکی ہے، اسے کراچی سے لاہور روانہ کر دیا گیا ہے اور یہ اگلے ہفتے یہاں پہنچے گی، ٹرین لاہور پہنچنے پر ہفتہ 7اکتوبر کو ڈیرہ گجراں ڈپو میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی ،منصوبے کے چینی کنٹریکٹرسی آرنورنکو نے گاڑیوں کے پاکستان پہنچنے کا تفصیلی شیڈو ل جاری کردیا ہے جس کے تحت رواں سال کے آخر تک چین سے 23ٹرینوں کی بوگیاں لاہو رپہنچیں گی،چھ شپمنٹس کے ذریعے تمام27گاڑیاں اگلے سال مارچ کے وسط تک لاہور پہنچیں گی۔

وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئرٹیپا سیف الرحمن‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیرہ گجراں سے شالامار کے قریب تک میٹرو ٹرین کے لئے 4کلومیٹر طویل پٹری بچھائی لی گئی ہے ۔چینی کنٹریکٹرز نے میٹرو ٹرین کے 26میں سے 24سٹیشنوں پر الیکٹریکل و مکینیکل کام شروع کر دیئے ہیں- پیکیج ون کے پہلے پانچ سٹیشنوں ڈیرہ گجراں‘اسلام پارک‘سلامت پورہ‘محمود بوٹی اور پاکستان منٹ میں مسافروں کو سڑک سے ٹرین تک رسائی دینے کے لئے سٹیشنوں پر برقی زینے نصب کر لئے گئے ہیں جبکہ دیگر سٹیشنوں پر ان کی تنصیب تیزی سے جاری ہے ۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین کی بوگیاں ڈیرہ گجراں میں تعمیر کئے جانے والے ڈپو میں کھڑی کرنے کے لئے چار عدد شیڈزکی تعمیر تیزی سے جاری ہے جبکہ 15 ٹریک تعمیرکئے جا چکے ہیں جہاں چینی کنٹریکٹرسی آر نورنکو کی طرف سے سگنل سسٹم کی تنصیب اور ا لیکٹریکل و مکینکل کے کام جاری ہیں ۔ ہر ٹریک 125میٹر طویل ہے جہاں ایک مکمل ٹرین سیٹ پارک کیاجا سکتا ہے ۔ ڈپو کے اندر سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام بھی حتمی مرحلے میں ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ابھی تک منصوبے کا مجموعی طور پر74.5فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج و ن کا 86.2فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا53.5فیصد ‘پیکیج تھری ڈپوکا.3 79فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 75.3فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ میٹر ٹرین پراجیکٹ پرفاسٹ ٹریک پر کام کیا جا ئے اور اس مقصد کے لئے مختصر ٹائم لائنز مقر ر کر کے منصوبے کو ایک چیلنج کے طور پر مکمل کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو کوہدایت کی کہ الیکٹریکل و مکینکل ورکس تیزی سے مکمل کرنے کے لئے افرادی قوت کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔بعد ازاں انہوں نے محمود بوٹی سٹیشن پر جاری الیکٹریکل و مکینیکل ورکس کا بھی معائنہ کیا ۔