علماء کرام کی بدولت پاکستان میں اسلام کا بول بالا ‘ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑا کردار رہا ہے‘

نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں مدارس او رعلماء خطبا کو ہراساں کرنے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ‘مسلمانوں کے بے حس اور نام نہاد حکمرانوں پر امت اور مظلوموں کا دفاع فرض ہے نائب صدر وفاق المدارس العربیہ مولاناانوار الحق کی مختلف مدارس سے آئے علماء کے وفود سے گفتگو

بدھ 20 ستمبر 2017 16:48

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) وفاق المدارس کے مرکزی نائب صدر و نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ مولانا انوار الحق حقانی نے کہاکہ علماء کرام کی بدولت پاکستان میں اسلام کا بول بالا ‘ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑا کردار رہا ہے‘نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں مدارس او رعلماء خطبا کو ہراساں کرنے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ‘مسلمانوں کے بے حس اور نام نہاد حکمرانوں پر امت اور مظلوموں کا دفاع فرض ہے ۔

وہ بدھ کومختلف مدارس سے آئے علماء کے وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ احسن اقبال کا بیان بھی سابق حکمرانوں کی طرح ہے جنہوں نے بھی ایسی باتیں کیں وہ حکومتیں ختم ہوگئیں۔مدارس علماء اور خطبا کے خلاف کی گئی کسی کی کوششیں ان کے لئے بارآور ثابت نہیں بلکہ الٹا نقصان انہی لوگوں کا ہوا۔

(جاری ہے)

مولانا انوار الحق حقانی نے وزیرداخلہ کے اس بیان کی سختی سے مذمت کی جس میں تمام خطبا و ائمہ مساجد کو حکومت کی طرف سے خطبہ مہیا کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ احسن اقبال کو بھولنا نہیں چاہیے کہ اس ملک کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع اللہ تعالیٰ نے علماء کرام کے حصے میں رکھا ہے، جن کی بدولت سے پاکستان میں اسلام کا بول بالا ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑا کردار رہا ہے، مولانا انوار الحق حقانی نے وزیرداخلہ کو مفید مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ علماء خطبا کے کاموں میں بے مداخلت نہ کی جائے جس کا کام اسی کو ساجھے۔

مولانا حقانی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہاکہ امریکہ یہود و ہنود کی سرپرستی کرتے ہوئے مسلمانوں کے اندر سے جہاد اور سچی اسلامی تعلیمات کی پیدا کردہ اسپرٹ کو نکالنا چاہتی ہے اوروہ سمجھتی ہے کہ اسلامی مدارس ہی اصل اسلامی روح کی بقاکا ذریعہ ہے اب ہماری حکومت بھی امریکہ سے دباؤ میں آکر پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کررہی ہے، اس طرح خود ہی خودکشی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

مولانا انوار الحق حقانی نے برما میں مسلمانوں پرمظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے بے حس اور نام نہاد حکمرانوں پر امت اور مظلوموں کا دفاع فرض ہے اس لئے وہ سب اپنا کردار ادا کریں اگر مسلمانوں کے موجودہ حکمران ایسے دردناک حالات میں بھی خاموشی اختیار کریں گے توپوری امت پرعذاب آنے کا اندیشہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :