پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی، کوئی اسے دہشت گرد ملک قرار دینے کی جرات نہیں کر سکتا، ایف سی کے جوانوں کی تنخواہوں میں اضافے، جدید اسلحے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وزیر داخلہ احسن اقبال کا شبقدر میں ایف سی پریڈ سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2017 15:29

پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی، کوئی اسے دہشت گرد ملک قرار دینے کی ..
چارسدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے زور بازو سے دہشتگردوں کو شکست سے دو چار کیا،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، کوئی بھی اسے دہشت گرد ملک قرار دینے کی جرات نہیں کر سکتا۔حکومت کو ایف سی کے جوانوں کی مشکلات کا احساس ہے اسی لئے انکی تنخواہوں میں اضافے ، جدید اسلحے اور مختلف سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو شبقدر میں ایف سی کی پاسنگ ائٓوٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا 2013ء میں پاکستان کو خطرناک ملک سمجھ رہی تھی تاہم آج ملک سے دہشتگردی ختم ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ملک کی خاطر سیکورٹی اداروں کے جوانوں نے جانیں قربان کیں، جس قوم کی صفوں میں ملک پر جان نثار کرنے والے جوان ہوں اس کو دینا کی کوئی طاقت زیر نہیں کر سکتی۔

انھوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے پاکستان دنیا میں عزت اور وقار حاصل کر رہا ہے،ملک نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان برداشت کیا ہے ، ان قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ نہ صرف ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی بلکہ اقتصادی ترقی میں بھی مسلسل بہتری آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مغربی میڈیا پاکستان کو ایشیاء کی ابھرتی ہوئی معیشت تسلیم کرنے پر مجبور ہے اور کوئی بھی قوت اسے دہشت گرد ملک قرار دینے کی جرات نہیں کر سکتی۔

انھوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کا دفاع اس کی مضبوط معیشت سے منسلک ہوتا ہے اور معیشت کی مضبوطی کیلئے امن و امان کا قیام اور سیاسی استحکام ضروری ہوتا ہے ، پاکستان کو2025ء تک ایشیا کا ٹائیگر بنانے کیلئے ان باتوں پر عمل ضروری ہے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں امن کے لئے ایف سی کا کردار کلیدی ہے،ایف سی دنیا میں امن فورسز کا حصہ بھی ہے جہاں بین الاقوامی ادارے اس کی خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو ایف سی کے جوانوں کی مشکلات کا احساس ہے اسی لئے انکی تنخواہوں میں اضافے ، جدید اسلحے اور مختلف سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔